دبئی: سرکاری اداروں میں ہفتے میں 4 دن اور 7 گھنٹے کام کا تجربہ
یہ اقدام 12 اگست سے 30 ستمبر 2024 تک لاگو رہے گا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے بعض سرکاری اداروں کے کام کے اوقات کو کم کرنے کےلیے ایک پائلٹ انیشیٹو متعارف کرایا ہے۔
’ہمارا لچکدار موسم گرما ہے‘ انیشیٹو کا مقصد موسم گرما کے دوران سرکاری اداروں میں کام کے اوقات کو کم کرنا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق مجموعی طور پر 15 سرکاری ادارے اس پائلٹ پروگرام میں شریک ہیں، جس سے کام کے اوقات کو کم کرکے 7 گھنٹے کیا جائے گا جبکہ جمعہ کو کام معطل ہوگا۔
12 اگست سے 30 ستمبر 2024 تک 15سرکاری اداروں کے ملازمین کے کام کے اوقات کم کرکے سات گھنٹے یومیہ کیے جائیں گے۔ یہ اقدام کام کی جگہ لچک، موسم گرما کے دوران سیفٹی اور مجموعی طور پر کام اور زندگی کے توازن کو بہتر بنانے کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ملازمین کو فائدہ پہنچانے کے علاوہ سرکاری محکموں میں توانائی کی کھپت کو بھی کم کرنا ہے۔
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ علی بن زاید الفلاسی نے کہا کہ یہ اقدام دبئی کے جدید پالیسیوں کو تیار کرنے کے وژن کے مطابق ہے۔ یہ کوشش ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ بہتر طرز زندگی اور کام کے حالات کے حوالے سے دبئی ایک معروف شہر بن جائے۔
دبئی میں اس وقت زیادہ تر سرکاری ملازمین ڈھائی دن کے ویک اینڈ (جمعہ آدھا دن، ہفتہ اور اتوار آف) سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نئے اقدام سے ملازمین 7 ہفتوں تک طویل ویک اینڈ سے فائدہ اٹھائیں گے۔ نئے اقدام کے تحت سرکاری اداروں میں کام کے اوقات کو کم کرکے دن میں سات گھنٹے کیا گیا ہے جبکہ ہفتے میں چار دن کام ہوگا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں