آئی فون 16 سیریز کا لانچ، ایپل نے ’سرپرائز‘ تاریخ کا اعلان کردیا
آئی فون 16 سیریز کا لانچ، ایپل نے ’سرپرائز‘ تاریخ کا اعلان کردیا
منگل 27 اگست 2024 14:57
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ایپل اس تقریب میں آئی فون 16 سیریز کا اعلان کرے گا (فوٹو: ایپل ویب سائٹ)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں سال ہونے والی نئے آئی فون کی لانچنگ تقریب کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
ایپل کی ویب سائٹ پر جاری پیغام کے مطابق رواں برس ’ایپل ایونٹ‘ 9 ستمبر کو امریکی وقت کے مطابق صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ تقریب رات 10 بجے شروع ہوگی۔
ایپل پارک میں منعقد ہونے والی یہ براہ راست تقریب ایپل کی ویب سائٹ، ایپل ٹی وی اور ایپل کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکے گی۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایپل 10 ستمبر کو اپنے ایونٹ کا اعلان کرے گا، اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ایپل نے ایک دن پہلے کا اعلان کر کے کافی ٹیک ایکسپرٹس کو ’سرپرائز‘ دیا ہے۔
ایپل اتنی جلدی میں کیوں ہے؟
بلومبرگ کے صحافی مارک گرمین کے مطابق ایپل کی ریٹیل سٹور مالکان سے ملاقات جو عام طور پر لانچ تقریب کے بعد اتوار کو ہوتی ہے، جمعرات 12 ستمبر کو ری شیڈول کر دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل اس بار لانچ اور آئی فونز کی سیل کا جلد آغاز کرنا چاہتا ہے۔
فوربز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مارک گرمین نے ایک وجہ یہ بھی بتائی کہ 10 ستمبر کو امریکی صدارتی امیدواروں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلی ٹی وی ڈیبیٹ بھی ہے اور ممکنہ طور پر ایپل کسی بھی ایونٹ کے آڑے نہیں آنا چاہتا۔
اکنامک ٹائمز کے مطابق اس سال کے ایونٹ میں ایپل کی جانب سے آئی فون 16 سیریز کے چار ماڈلز لانچ کیے جانے کی توقع ہے جن میں آئی فون 16، 16 پلس، 16 پرو، اور 16 پرو میکس شامل ہیں۔ مزید برآں ایپل الٹرا واچ کی ایک نئی سیریز کے ساتھ ساتھ نئے آئی پاڈز بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔
آئی فون 16 میں کیا نیا ہوگا؟
سکرین کے سائز:
اگرچہ آئی فون 16 اور آئی فون 16 پلس کا سکرین سائز موجودہ 2023 ماڈلز جتنا ہی ہوگا، ایپل صارفین 16 پرو ماڈلز میں کچھ مختلف کی توقع کر سکتے ہیں۔
آئی فون 16: 6.1 انچ ڈسپلے
آئی فون 16 پلس: 6.7 انچ ڈسپلے
آئی فون 16 پرو: 6.3 انچ ڈسپلے
آئی فون 16 پرو میکس: 6.9 انچ ڈسپلے
بیٹری کی گنجائش:
فوربز میں شائع رپورٹ کے مطابق آئی 16 کے ماڈلز میں نئے بیٹری ڈیزائن سامنے آسکتے ہیں جن میں یا تو بیٹریز کا سائز بڑھایا جائے گا یا ان کی صلاحیت میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ نئے آئی فون 16 پرو کو بیٹری کے سائز میں اضافے سے سب سے زیادہ فائدہ ہونے کا امکان ہے اور بیٹری کی طویل زندگی کے لیے اس میں بہتر تھرمل صلاحیت ہوگی۔.
آئی فون 16: 3561 ایم اے ایچ
آئی فون 16 پلس: 4006 ایم اے ایچ
آئی فون 16 پرو: 3355 ایم اے ایچ
آئی فون 16 پرو میکس: 4676 ایم اے ایچ
ڈسپلے کی خصوصیات:
آئی فون 16 پرو اور پرو میکس ماڈلز میں 120Hz ریفریش ریٹ ہوگا، اور سکرین کی برائٹنس 3 ہزار نیٹس تک بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
کیمرہ اور دیگر خصوصیات:
آئی فون 16 اور 16 پلس میں 2x آپٹیکل زوم کے ساتھ 12MP کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ ہوگا، جبکہ پرو سیریز 48MP کے الٹرا وائیڈ اینگل لینس کے ساتھ آئے گی۔ آئی فون 16 پرو ماڈلز میں A18 پرو چپ سیٹ متعارف کروایا جائے گا، جبکہ بیس ویریئنٹس A17 چپ سیٹ کے ساتھ آسکتے ہیں۔
چارجنگ اور بیٹری:
آئی فون 16 پرو ماڈلز میں ایک نیا 'کیپچر بٹن' شامل ہونے کی توقع ہے اور ان میں بھی آئی فون 15 سیریز کی طرح USB ٹائپ-سی چارجنگ کی سپورٹ موجود ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ فاسٹ چارجنگ متعارف کروائے جانے کے امکانات بھی ہیں۔
آئی فون 16 سیریز کی متوقع قیمت:
آئی فون 16 کی متوقع قیمت 799 امریکی ڈالر، جبکہ 16 پلس کی 899 ڈالر، 16 پرو کی 1099 ڈالر اور 16 پرو میکس کی ممکنہ قیمت 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔
واضح رہے طویل عرصے سے ایپل کے ڈیزائنز لیک کرنے والے ٹیک ریویوئر سونی ڈکسن نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر حال ہی میں آنے والی آئی فون 16 سیریز کی خصوصی تصاویر جاری کی تھیں۔
ان تصاویر میں یہ آئی فون 16 کے ریٹیل میں قابل فروخت ماڈلز نہیں بلکہ مارکیٹنگ میں استعمال ہونے والے ڈسپلے یونٹ یعنی ڈمی فونز ہیں جن سے اصلی آئی فونز کے خدوخال کا بخووبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سونی ڈکسن کی جاری کردہ ان تصاویر پر نظر دوڑائی جائے تو آئی 16 پرو اور پرو میکس سیریز میں ممکنہ طور پر اس سال نیا ’برونز‘ رنگ متعارف کروایا جائے گا، جبکہ باقی تین رنگوں میں بلیک، وائٹ اور نیچرل شامل ہوں گے جو آئی فون 15 پرو سیریز سے ہی ملتے جلتے ہیں۔