پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے بارشوں کا امکان، سیلاب کا خطرہ
پاکستان میں یکم جون سے جاری مون سون کی بارشوں میں اب تک 280 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے دو ستمبر(آج رات سے) تا چار ستمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔
بارش کے باعث خیبر پختونخوا میں دو ستمبر (رات) سے تین ستمبر تک مختلف مقامات بشمول گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، نوشہرہ، صوابی کے مقامی ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، چکوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں دو اور تین ستمبر کو طغیانی جبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں یکم جون سے جاری مون سون کی بارشوں میں این ڈی ایم اے کے اعداد وشمار کے مطابق اب تک 280 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سیلاب اور بارش کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ عوام سے التماس ہے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
عوام بروقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اوردیگر ضروری معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپلیکیشن Pak NDMA Disaster Alert گوگل پلے سٹور اورiOS ایپ سٹور سے انسٹال کر سکتے ہیں۔