انڈیا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ’تہذیبوں کے مکالمے‘ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ان کے دورہ انڈیا کے دوران رواداری کی فضا قائم رہی اور ان کی اچھی مہمان نوازی کی گئی۔
انہوں نے اس دورے کے نمایاں لمحات کا ذکر کرتے ہوئے کیمرے پر ہونے والی تند و تیز گفتگو اور آف کیمرہ منطق پر مبنی بات چیت کے درمیان پائے جانے والے تضاد کو سب سے یادگار قرار دیا۔
اردو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ کیمرے کے سامنے بڑی تند و ترش باتیں کی جاتی رہیں مگر انہیں وہاں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کیمرے کے پیچھے منطق کی بنیاد پر بات کرنے والے لوگ بھی موجود ہیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے انڈیا کو ایک اچھا میزبان قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ وہاں سے تحفے میں ملنے والی کتابیں بھی اپنے ہمراہ پاکستان لائے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ان کی بہترین میزبانی کی گئی اور وہ اپنے ہمراہ تاریخی مقامات کی سیر اور وہاں کے لوگوں کی جانب سے تحفے میں دی گئی شاعری، ادب اور تاریخ کی کتابوں کی اچھی یادیں لے کر لوٹے ہیں۔
’دل کی بات دل کی ہی زبان میں کی جاتی ہے۔‘
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبوں کے مکالمے سے خطاب میں اردو زبان کے استعمال اور مرزا غالب و علامہ اقبال کی شاعری کا تذکرہ کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ایسے کسی بھی فورم پر جہاں لوگ آپ کی زبان سمجھتے ہوں، تو وہاں اپنی زبان کیوں نہ بولی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ویسے بھی مختلف عالمی فورمز پر اردو زبان بولنا پسند کرتے ہیں اور انڈیا میں تو سننے والے خود یہ زبان بولتے اور سمجھتے ہیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے وضاحت کی کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا کہ وہ اردو ہی بولیں گے، بلکہ وہاں جا کر انہوں نے سوچا کہ اردو میں ہی بات کرنی چاہیے۔
’میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ دل کی آواز تو دل کی زبان میں ہی بیان کی جا سکتی ہے، اس لیے میں نے اردو کا انتخاب کیا۔‘
’غالب اور اقبال کی شاعری سے پرانا تعلق ہے‘
ڈاکٹر مصدق ملک نے انڈیا میں اپنی تقریر کے دوران مرزا غالب اور علامہ اقبال کے اشعار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا غالب اور اقبال کی شاعری سے پرانا تعلق ہے، اور جب آپ غالب کے مزار سے محض چند قدموں کے فاصلے پر ہوں تو پھر ان کی شاعری کا ذکر تو بنتا ہے۔
’یہ دہلی کا ان کا پہلا دورہ تھا اور مجھے پہلے معلوم نہیں تھا کہ مرزا غالب کی قبر حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ کے احاطے میں ہی واقع ہے۔ جہاں امیر خسرو اور مرزا غالب جیسی شخصیات آرام فرما ہوں، وہاں ان کی شاعری اور اردو زبان میں ہی بات کرنا مناسب تھا۔‘

کیا پہلے سے معلوم تھا کہ یہ دورہ کرنا پڑے گا؟
اس سوال کے جواب میں وزیر موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ باضابطہ اعلان سے کچھ روز قبل جب وہ ترکیہ کے دورے پر تھے، تب انہیں آگاہ کر دیا گیا تھا کہ انہیں یہ ذمہ داری سونپی جائے گی، اس لیے وہ ذہنی طور پر پہلے سے تیار تھے۔
’مجھے اس بات کا بھی ادراک تھا کہ اس دورے پر انڈیا میں ملا جلا ردعمل سامنے آئے گا۔‘
چنانچہ جہاں ایک طرف ان کے دورے پر انڈیا میں سخت تنقید کی گئی، وہیں دوسری جانب ان کی اچھی میزبانی کی گئی اور مختلف مقامات کے دورے بھی کروائے گئے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ان سے بار بار دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوالات کیے گئے، تاہم ’میرا یہی موقف رہا کہ چونکہ انہیں ایک علاقائی پلیٹ فارم پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے، اس لیے میں اسی دائرہ کار میں رہ کر گفتگو کروں گا۔‘
’انڈین بطور میزبان بہت بھلے لگے‘
انڈین میزبان انہیں کیسے لگے؟ اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ’بطور میزبان وہ بہت بھلے لگے۔ میری مہمان نوازی نہایت اچھے انداز میں کی گئی اور کیمرے کے سامنے ہونے والی سخت گفتگو سے ہٹ کر میرے ساتھ بہترین رویہ رکھا گیا۔‘
دہلی کے تاریخی مقامات کا دورہ
نئی دہلی میں تاریخی مقامات کی سیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ وہ پرانا قلعہ، لال قلعہ اور ہمایوں کے مقبرے پر بھی گئے۔

’میں جن جن مقامات پر گیا وہاں میرے ساتھ موجود ٹور گائیڈ بڑے محقق اور ماہر تھے جنہوں نے تمام مقامات کا تاریخی پس منظر نہایت عمدہ انداز میں بیان کیا۔‘
ڈاکٹر مصدق ملک کو یہ بات خاصی متاثر کن لگی کہ تاج محل میں ہمایوں کے مقبرے کی جھلک نظر آتی ہے یعنی ’یوں محسوس ہوتا ہے جیسے تاج محل کو ہمایوں کے مقبرے سے متاثر ہو کر تعمیر کیا گیا ہو۔‘
انہوں نے قطب مینار کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ مختلف ادوار اور مراحل میں یہ مینار کس طرح تعمیر ہوا۔
’آن کیمرہ اور آف کیمرہ گفتگو میں تضاد واضح تھا‘
اپنے دورہ انڈیا کی سب سے یادگار بات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ آن کیمرہ تند و تیز رویہ اور پھر آف کیمرہ ہونے والی منطقی گفتگو انہیں طویل عرصے تک یاد رہے گی۔
’اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ جہاں ایک طرف آپ کے سامنے سخت موقف رکھا جاتا ہے، وہیں دوسری طرف ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو آپ کی بات سننا چاہتے ہیں اور اپنی بات بھی سمجھانا چاہتے ہیں۔‘
’ایک دو مواقع پر میڈیا کے ساتھ مکالمہ قدرے تلخ ضرور ہوا مگر مجموعی طور پر رواداری کی فضا برقرار رہی اور ان کی اچھی میزبانی کی گئی۔‘













