Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب دوسرا گھر لگتا ہے‘، بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے نئے مواقع

بجار خان مری کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے 30 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک خصوصاً خلیجی ممالک بھیجنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: اے پی پی)
بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک  میں روزگار کی فراہمی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے اور اب تک 250 سے زائد نوجوانوں کو سعودی عرب بجھوایا جاچکا ہے۔
ادارے کے مطابق ان نوجوانوں کے ویزے، میڈیکل، ٹکٹ اور دیگر اخراجات حکومت بلوچستان نے برداشت کیے ہیں۔
بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) صوبائی حکومت کا ادارہ ہے جو نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
ادارے کے میڈیا ایڈوائزر بجار خان مری نے اردو نیوز کو بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 30 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک خصوصاً خلیجی ممالک بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مطابق بی ٹیوٹا دو تین سال سے اسی ہدف پر کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے سب سے زیادہ کارکن سعودی عرب جاتے ہیں۔ ان کے اندازے کے مطابق اس وقت وہاں پانچ سے چھ لاکھ کے قریب رجسٹرڈ پاکستانی ورکر موجود ہیں اور ان میں بلوچستان کے نوجوانوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
بجار خان مری کے مطابق سعودی عرب جانے والے نوجوان وہاں اچھی کمپنیوں میں باعزت ملازمت کر رہے ہیں اور اپنے گھروں کو رقوم بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی نوجوان انہیں یہ بھی بتاتے ہیں کہ سعودی عرب انہیں اپنا دوسرا گھر لگتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی ٹیوٹا نے سعودی کمپنیوں سے رابطے کا ایک طریقہ بنایا ہے۔ جب کسی کمپنی کو ہنرمند افراد کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ ادارے کو آگاہ کرتی ہے۔ اس کے بعد بی ٹیوٹا اپنے کوئٹہ کے دفتر میں تربیت یافتہ اور تجربہ کار نوجوانوں کو بلاتا ہے۔ سعودی عرب میں بیٹھے آجر ویڈیو لنک کے ذریعے ان سے براہ راست بات کرتے ہیں اور انٹرویو لیتے ہیں۔

بی ٹیوٹا کے ترجمان کے مطابق اس کے لیے نوجوان کو پروٹیکٹر کی کارروائی مکمل کر کے اپنے کاغذات بی ٹیوٹا میں جمع کرانا ہوتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

ان کے بقول جو امیدوار کمپنی کے معیار پر پورے اترتے ہیں، ان کی فہرست بی ٹیوٹا کو بھیج دی جاتی ہے۔ پھر ان کے پاسپورٹ اور دیگر کاغذات کی کارروائی ہوتی ہے، ویزا لگتا ہے اور وہ سعودی عرب روانہ ہو جاتے ہیں۔
بجار خان مری کے مطابق انتخاب کے بعد میڈیکل، تکافل، ٹکٹ اور ویزے کے اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں سعودی کمپنیوں نے موٹر سائیکل رائیڈرز، ڈرائیورز اور شیف کی ضرورت ظاہر کی تھی۔ ہوٹلوں کے لیے فرنٹ ڈیسک، فلور مینیجر، ہوٹل مینیجر اور ہاؤس کیپنگ سٹاف بھی مانگا گیا۔
ان کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت سب سے زیادہ مواقع تعمیرات اور ہاسپٹیلٹی کے شعبوں میں ہیں۔ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں شیف، ویٹر اور مینیجرز کی مانگ ہے جبکہ تعمیراتی شعبے میں جنرل لیبر سمیت مختلف کاموں کے لیے کارکن درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان مطلوبہ قابلیت اور شرائط پوری کرے گا، وہ سعودی عرب میں ملازمت حاصل کر سکتا ہے۔
بلوچستان حکومت نے ان نوجوانوں کے لیے بھی ایک سکیم شروع کی ہے جو اپنے طور پر ویزا حاصل کر کے خلیجی ممالک جا رہے ہیں۔ یہ ویزا کسی دوست، رشتہ دار یا اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے لیا جا سکتا ہے۔ اس سکیم کے تحت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور دیگر خلیجی ممالک جانے والے نوجوان کو چار لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔

بجار خان کے مطابق دوسرے ممالک میں ویزے کا عمل سخت ہے جبکہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ویزا نسبتاً آسان رکھا ہے (فوٹو: روئٹرز)

بی ٹیوٹا کے ترجمان کے مطابق اس کے لیے نوجوان کو پروٹیکٹر کی کارروائی مکمل کر کے اپنے کاغذات بی ٹیوٹا میں جمع کرانا ہوتے ہیں۔ ادارہ ایف آئی اے سے روانگی کی تصدیق کرتا ہے اور بیورو آف امیگریشن سے پروٹیکٹر اور دیگر کاغذات کی تصدیق لیتا ہے۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد چار لاکھ روپے نوجوان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے جاتے ہیں۔
بجار خان مری کے مطابق اس کا مقصد بیرون ملک جانے کے اخراجات کے مسئلے میں نوجوانوں کی مدد کرنا ہے۔
سعودی عرب کو ترجیح دینے کی وجہ بتاتے ہوئے بجار خان مری کا کہنا تھا کہ وہاں پاکستانیوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات ہیں اور مذہب اور ثقافت میں بھی مماثلت ہے اس لیے وہاں جانے والوں کو پردیس کا احساس کم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں رہتی ہے۔ ان کے بقول کئی دوسرے ممالک میں ویزے کا عمل سخت ہے جبکہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ویزا نسبتاً آسان رکھا ہے۔
ادارے کے مطابق بی ٹیوٹا صرف سعودی عرب اور خلیجی ممالک ہی نہیں، یورپ کی مارکیٹ کے لیے بھی نوجوانوں کو تیار کر رہا ہے۔ اور اس سلسلے میں یورپی ممالک میں مانگ کا سروے کیا گیا ہے۔

بجار خان کے مطابق بی ٹیوٹا بلوچستان کے نوجوانوں کو انگریزی، عربی، چینی اور جرمن زبانوں کے کورس بھی کرواتا ہے (فوٹو: بی ٹیوٹا فیس بک)

بجار خان مری نے بتایا کہ ان ممالک میں عموماً تین سال کا ڈپلومہ درکار ہوتا ہے۔ نیشنل کوالیفیکیشن فریم ورک کے تحت کم از کم لیول تھری ہونا ضروری ہے۔ جرمنی جیسے ملک کے لیے زبان سیکھنا بھی لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی ٹیوٹا بلوچستان کے نوجوانوں کو انگریزی، عربی، چینی اور جرمن زبانوں کے کورس بھی کرواتا ہے اور حالیہ دنوں میں ان کورسز کے لیے ٹیسٹ جاری ہیں۔ ہوٹل مینجمنٹ، آئی ٹی اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی بیرون ملک کی مانگ کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی سطح پر بھی بی ٹیوٹا کئی کورسز کرا رہا ہے۔ ان میں پلمبنگ، الیکٹریشن، فریج اور اے سی کی مرمت، موٹر اور آٹو مکینک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موبائل فون کی مرمت اور سولر ٹیکنیشن کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ خواتین کے لیے بیوٹیشن اور کوکنگ کے کورسز بھی کرائے جاتے ہیں۔ بجار خان مری کے مطابق پلمبنگ جیسے ہنر کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی بڑی مانگ ہے۔

 

شیئر: