Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ دفاعی معاہدے کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں، ’پاکستان کے لیے اعزاز‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج  ہو رہا ہے۔
سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے  وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ شہر میں سکیورٹی کے بھی غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان تینوں ممالک نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاع کے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ’اس اجلاس کے ایجنڈے میں سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال شامل ہے۔‘
اسی طرح دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر بھی غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد کی میزبانی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری سربراہان (ملٹری چیفس) شریک ہوں گے۔
اگرچہ وزارتِ خارجہ نے تاحال اس اجلاس کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم دستیاب معلومات کے مطابق یہ اجلاس آج شام اسلام آباد کے ریڈ زان میں واقع سرینا ہوٹل میں ہو گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اس کمیٹی کے سیکریٹری جنرل جنرل (ر) نعمان محمود بھی اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے مکہ دفاعی معاہدے کی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’معاہدۂ مکہ میں شامل ممالک سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کریں گے۔‘
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بے امنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہو گی۔‘
اُنہوں نے تصدیق کی کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
اردو نیوز نے اس بارے میں پاکستان کے سابق سفیر اور بین الاقوامی امور کے ماہر عمران علی چوہدری سے گفتگو کی جن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں اس بات پر غور ہوگا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کیا فوری قدم اٹھایا جائے۔

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے رواں برس اگست میں معاہدۂ مکہ پر دستخط کیے تھے (فائل فوٹو: روئٹرز)

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سمیت تینوں ممالک کے لیے سعودی عرب پر ہونے والے حملے بڑی تشویش کا باعث ہیں اور آج یہ معاملہ اس اجلاس میں ایک اہم ایجنڈے کے طور پر شامل ہو گا۔‘
’کسی بھی دفاعی معاہدے کو فعال بنانے کے لیے اس طرح کے اجلاس ہونا ضروری ہیں اور اسلام آباد میں ہونے والا یہ تیسرا اجلاس اس دفاعی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کی ہی ایک کڑی ہے۔‘
اس سوال پر کہ کیا اجلاس میں کسی اور ملک کی معاہدے میں شمولیت پر بھی بات ہو سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ’اس کا فیصلہ تینوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کرے گی، البتہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص ایران سے جڑی جنگ اس نشست کا ایک اور اہم پہلو ہے، جس کے ممکنہ حل پر بھی تینوں ممالک غور کریں گے۔

’پاکستان کے لیے عزت کی بات ہے‘

عمران علی چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں ایپیکس کمیٹی کا یہ اجلاس پاکستان کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور یہ ہمارے لیے عزت  کی بات ہے کہ خطے کی اس نازک صورتحال میں اس بیٹھک کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔‘
’ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں بھی پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے اور اسی طرح سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے تنازع میں بھی پاکستان غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔‘
معاہدے میں شامل ’ایک پر حملہ سب پر حملہ‘ کے اصول کی وضاحت کرتے ہوئے عمران علی چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اسے محض لفظی معنوں میں نہیں لینا چاہیے بلکہ اس پر عمل درآمد کا فیصلہ مجموعی زمینی صورتحال کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔‘
’اس تناظر میں پاکستان اور ترکیہ ایران پر اپنا سفارتی اثر و رسوخ استعمال کر کے حوثیوں کے حملے رکوا سکتے ہیں، تاہم وہاں براہِ راست افواج بھیجنا شاید کوئی عملی یا منطقی قدم نہ ہو۔‘

خواجہ آصف نے بتایا کہ معاہدۂ مکہ میں شامل ممالک یمن کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’سعودی عرب کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جا سکتا ہے‘

سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری تنازع میں پاکستانی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے عمران علی چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کی مدد کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے اور اس وقت بھی پاکستان انٹیلی جنس اور فضائی (ایئر) سپورٹ سعودی عرب کو فراہم کر رہا ہے، جبکہ پاکستانی افواج بھی وہاں تعینات ہیں۔‘
انہوں نے یہ واضح کیا کہ اس معاہدے کی اب تک کی کامیابی کی بڑی وجہ یہی ہے کہ تینوں بانی ممالک اس کی شرائط و ضوابط پر مکمل متفق ہیں، اب یہاں اصل سوال یہ ہو گا کہ کیا نئے شامل ہونے والے ممالک بھی ان شرائط پر متفق ہو سکیں گے؟
اس اہم اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’آج شہر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔‘
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر بدستور کھلے رہیں گے۔‘

شہر کے لیے نیا ٹریفک پلان

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اپنی ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات شام چھ بجے سے سنیچر 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔
دونوں شہروں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا فیض آباد بس ٹرمینل بھی اس دوران بند رہے گا۔
اس کے علاوہ جمعرات رات 10 بجے سے سنیچر کی رات ساڑھے 12 بجے تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس سیونتھ ایوینیو سٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان معطل رہے گی۔
مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل 3 اور 5 جمعہ 27 نومبر کو صبح چھ بجے سے رات 11 بجے تک عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کر لیں۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ کیا ہے؟

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوغان نے رواں برس اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کے لیے نیا ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے (فوٹو: اے پی)

یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ستمبر 2025 میں باہمی دفاعی تعاون کا عہد کیا تھا، جبکہ مکہ معاہدے کے ذریعے ترکیہ کو بھی اس سہ فریقی دفاعی شراکت داری میں شامل کر لیا گیا۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اس اصول پر اتفاق کیا کہ ان میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس معاہدے کی اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے اختتام سے قبل اسلام آباد میں ہو گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تینوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر غور ہوگا۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔
31 اگست کو استنبول میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری حکام کے اجلاس میں اس اتحاد کے معاملات میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
تینوں ممالک نے دفاعی ٹیکنالوجی مشترکہ طور پر تیار کرنے اور اس کی پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
اس کے بعد پانچ اکتوبر کو تینوں ممالک کے نمائندے سعودی دارالحکومت ریاض میں دوبارہ جمع ہوئے جہاں سعودی عرب کو درپیش خطرات پر ہنگامی مذاکرات کیے گئے۔
اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔
اسی اجلاس میں پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اس دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی بھی توثیق کی گئی۔ وہ تین سال کے لیے یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔ پاکستان نے 23 ستمبر کو ان کے تقرر کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: