Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساڑھے 6 ہزار ٹن سے زیادہ امدادی سامان غزہ بھیجا جا چکا

مکمل آلات سے لیس 20 ایمبولینسز بھی غزہ بھیجی گئی ہیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے ترجمان سامر الجطیلی نے کہا ہے کہ’ غزہ کی پٹی میں متاثرہ افراد کے لیے 54 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے  6 ہزار 600 ٹن سے زیادہ امدادی سامان بھیجا جا چکا، جس کی مالیت700 ملین ریال سے تجاوز کرگئی‘۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا’ مکمل آلات سے لیس 20 ایمبولینسز بھی غزہ بھیجی گئی ہیں‘۔
انہوں نے بتایا ’شاہ سلمان مرکز نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ متعدد معاہدے کیے ہیں، ان میں عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ دس ملین ڈالر کا ایک معاہدہ شامل ہے‘۔
عالمی ادارہ صحت کے ساتھ معاہدے سے غزہ کی پٹی میں دس لاکھ سے زائد فسلطینیوں کو ہنگامی صحت خدمات مہیا کی جاسکیں گی۔
 امدادی منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت 30 فرسٹ ایڈ سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں 10 ہسپتالوں کی تعمیر اور ہنگامی امداد کے لیے ایمبولینسیں فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان نے مزید کہا’ تمام شراکت دار غزہ میں متاثرین تک امداد کی فراہمی میں براہ راست یا بالواسطہ کام کررہے ہیں‘۔

شیئر: