سعودی عرب میں العلا دلکش مقام، بحیرہ احمر میرا دوسرا گھر ہے: کرسٹیانو رونالڈو
سعودی عرب میں العلا دلکش مقام، بحیرہ احمر میرا دوسرا گھر ہے: کرسٹیانو رونالڈو
ہفتہ 7 ستمبر 2024 17:52
حال ہی میں کرسٹیانو رونالڈو نے کیریئر کے 900 گولز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے (فائل فوٹو: جورجینا، انسٹاگرام)
سعودی کلب النصر کلب کے کپتان اور پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ ان کے اور ان کی فیملی کے لیے سعودی عرب میں قیام پر آسان رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے سابق پرتگالی فٹبالر ریو فرڈینڈ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’سچ کہوں تو میں وہاں (سعودی عرب میں) بہت خوش ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرے لیے سعودی عرب میں منتقلی بہت آسان رہی ہے۔ مجھے یہاں رہنا بہت اچھا لگتا ہے۔ یہ ایک پیارا ملک ہے۔ میری فیملی بھی یہاں رہنا پسند کرتی ہے۔‘
کرسٹیانو رونالڈو 2023 میں سعودی پرو لیگ کے لیے منتخب کردہ نمایاں کھلاڑیوں میں سے اولین ہیں۔ ان کے النصر کلب میں شامل ہونے کے بعد یورپ کے دیگر بڑے کھلاڑیوں کے لیے بھی راہ ہموار ہوئی ہے۔
حال ہی میں کرسٹیانو رونالڈو نے کیریئر کے 900 گولز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے جمعے کو لزبن میں کروشیا کے خلاف کھیلتے ہوئے میچ کے 34ویں منٹ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔
انٹرویو کے دوران سٹار فٹبالر نے سعودی عرب کے ریڈ سی کو اپنا ’دوسرا گھر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر اپنے خاندان کے ساتھ انہیں وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا ’بحیرہ احمر میرا دوسرا گھر ہے۔ یہ دنیا کی خوب صورت ترین جگہوں میں سے ایک ہے۔‘
کرسٹیانو رونالڈو نے العلاء کے بارے میں بھی بات کی جو کہ سعودی عرب کے شمال مغرب میں واقع سیاحوں کا پسندیدہ ترین مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ (العلاء) دلکش ہے کیونکہ (وہاں کا احساس) روحانی ہے۔ وہاں آپ کو توانائی ملتی ہے۔ مجھے وہاں کچھ ایسا ہی محسوس ہوا۔‘
’حتیٰ کہ وہاں کے پہاڑوں پر برف بھی پڑتی ہے۔ جی ہاں! سعودی عرب میں بھی برف باری ہوتی ہے۔ سعودیوں کے پاس سبھی کچھ ہے، اس لیے وہ ایک خوب صورت ملک ہے۔‘