رونالڈو یوٹیوب پر کتنے عرصے میں مسٹر بیِسٹ کو پیچھے چھوڑ دیں گے؟
بدھ 4 ستمبر 2024 14:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رونالڈو نے اب تک اپنے یوٹیوب پر 56 سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لیے ہیں (فوٹو: یو آر کرسٹیانو، یوٹیوب)
النصر فٹبال ٹیم کے کیپٹن اور سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر کے کئی ریکارڈز بنا چکے ہیں اور اب ان کا اگلا ہدف دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز والے چینل مسٹر بیِسٹ کو پیچھے چھوڑنا ہے۔
حال ہی میں پرتگال کی نیشنز لیگ سے قبل ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کرسٹیانو رونالڈو نے رپورٹرز سے گفتگو کی جس میں انہوں نے مسکراتے ہوئے مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب چینل کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ انہیں کتنے عرصے تک پیچھے چھوڑ دیں گے۔
ویب سائٹ سپورٹس انفو کے مطابق رونالڈو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ رپورٹرز سے کہہ رہے ہیں ’مسٹر بیسٹ؟ چلیں دو سال میں انہیں پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
39 سالہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گوگل کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو رواں سال 8 جولائی کو جوائن کیا تھا جبکہ 21 اگست کو رونالڈو نے ’UR Cristiano‘ کے نام سے اپنے یوٹیوب چینل پر متعدد ویڈیوز اپلوڈ کر کے باقاعدہ چینل لانچ کیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے پہلے 12 گھنٹے میں اپنے یوٹیوب چینل پر 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کر کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔
اس سے قبل رونالڈو نے یوٹیوب کا ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، رونالڈو کا یوٹیوب چینل پہلے 90 منٹ میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا چینل تھا۔
اس وقت رونالڈو نے اپنے یوٹیوب پر 56 ملین سے زائد سبسکرائبرز حاصل کرلیے ہیں اور مسٹر بیسٹ جنہیں وہ پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں یوٹیوب پر 313 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ سب سے زیادہ فالو کی جانے والے کریئٹر ہیں۔
واضح رہے رونالڈو پہلے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر 917 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ دنیا کے مقبول ترین فٹ بالرہیں جس کی بدولت وہ پیڈ سپانسپرشپس کے لحاظ سے دنیا کے مہنگے ترین ایتھلیٹ تصور کیے جاتے ہیں۔
سپورٹس ویب سائٹ سپورٹس بائبل کے مطابق یوٹیوب چینل کے لانچ پر جاری کردہ پریس ریلیز میں رونالڈو کا کہنا تھا کہ اس یوٹیوب چینل کے ذریعے وہ اپنے فینز سے نہ صرف فٹ بال بلکہ اپنے خاندان، صحت، غذائیت، گیم کی تیاری، تعلیم اور کاروبار کے حوالے سے ویڈیوز شیئر کیا کریں گے۔
رونالڈوکے مطابق وہ اس چینل کے ذریعے اپنے ایسے پہلو ظاہر کریں گے جو زیادہ تر شائقین نے نہیں دیکھے ہوں گے۔
اس کے ساتھ رونالڈو مختلف موضوعات پر متعدد مہمانوں کی ایک انٹرویو سیریز بھی شوٹ کریں گے، ان مہمانوں کی شناخت کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔
فوربس کے مطابق رونالڈو سعودی کلب النصر سے سالانہ 200 ملین ڈالر کی تنخواہ لیتے ہیں جو کہ ان کی نائیکی، یونی لیور اور بائنانس جیسے سپانسرز سے ہونے والی 60 ملین ڈالر کی آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔