ٹریفک جرمانوں کی رعایتی مدت ختم ہونے میں کتنے دن باقی؟
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں پر 50 فیصد کی چھوٹ دی گئی تھی (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ اس سال اپریل 2024 کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت کا جو اعلان کیا گیا تھا اس کی ڈیڈ لائن آئندہ ماہ 18 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے اس اقدام میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر 50 فیصد کی چھوٹ دی گئی تھی جس پر 18 اپریل سے عمل درآمد شروع ہوا تھا اور اس کی آخری تاریخ 18 اکتوبر 2024 ہے۔
اس سلسلے میں پہلے ہی ٹریفک پولیس نے بتایا تھا کہ رعایتی مہلت کے دوران چار اقسام کی خلاف ورزیوں پر رعایت نہیں ہو گی جو سلامتی سے متعلق ہیں ان میں کار سکریچنگ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا، شاہراہوں پر مقرر حد رفتار 120 کلو میٹر پر مقررہ حد سے 50 کلو میٹر رفتار سے زیادہ چلانے پر ہونے والا چالان یا جہاں حد رفتار 140 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو وہاں 170 یا اس سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر ہونے والے چالان رعایت مہم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام چالان ایک ساتھ یا ایک، ایک کر کے بھی چالان کلیئر کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 18 اپریل 2024 کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے اس تاریخ سے پہلے شہریوں، غیرملکیوں، زائرین اور جی سی سی کے شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا تھا اور اس کے لیے 6 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں