امارات میں مہلت سے ایکسپائر وزٹ ویزے والے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے؟
ایکسپائروزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کیا جاسکے گا۔( فوٹو: امارات الیوم)
اماراتی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’وزٹ ویزے پر آنے والے وہ غیرملکی جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں اور وہ امارات میں ملازمت کرنے کے خواہاں ہیں وہ بھی اپنے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔‘
امارات الیوم کے مطابق پاسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے غیرملکیوں کے لیے اصلاح حال مہم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
اس دوران غیرقانونی مقیم متعلقہ اداروں سے رجوع کر کے اپنا قیام قانونی بنا سکتے ہیں۔ مہم کے دوران اقامہ کے معاملات درست کرانے کی صورت میں کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جاتا۔
مہلت سے وہ غیرملکی بھی مستفید ہو سکتے ہیں جو وزٹ ویزے پر امارات آئے اور ان کے ویزے کی مدت ختم ہو گئی۔
ایکسپائر وزٹ ویزے والے غیرملکیوں کے لیے بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے جو 31 اکتوبر کو ختم ہو جائے گی۔
وزٹ ویزے کے حامل غیرملکیوں کو اپنا قیام قانونی بنانے کے لیے کسی آجر سے ورک پرمٹ حاصل کرنا ہو گا جس کے بعد ان کے ایکسپائر وزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
وہ غیرملکی جن کے وزٹ ویزے ایکسپائر ہو گئے ہیں اور وہ امارات میں قیام کرنے کے بجائے اپنے ملک کو واپس جانے کے خواہشمند ہیں وہ بھی اس مہلت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
دی گئی مہلت کے دوران قانونی طور پر واپس جانے والوں کو سسٹم میں بلیک لسٹ نہیں کیا جائے گا اور وہ دوبارہ کسی بھی وقت نئے ویزے پر امارات آسکتے ہیں۔