بڑے بجٹ کی بڑی کاسٹ کے ساتھ فلم ’سنگھم اگین‘ نئے ریکارڈ قائم کر پائے گی؟
بڑے بجٹ کی بڑی کاسٹ کے ساتھ فلم ’سنگھم اگین‘ نئے ریکارڈ قائم کر پائے گی؟
منگل 8 اکتوبر 2024 19:38
’سنگھم اگین‘ یکم نومبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی (فائل فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
بالی وُڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ بڑے اداکاروں رکھنے والی فلموں میں سے ایک ’سنگم اگین‘ کے ٹریلر کے ریلیز ہوتے ہی فلم بینوں میں تجسس بڑھ گیا ہے کہ ان کے علاوہ دیگر کون کون سے ستارے فلم میں سرپرائز انٹری دیں گے۔
روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سنگھم اگین‘ کی سٹار کاسٹ میں بالی وُڈ کے بڑے بڑے نام شامل ہیں اور رپورٹس کے مطابق یہ فلم 350 سے 375 کروڑ انڈین روپے کی لاگت سے بنائی گئی ہے۔
یوٹیوب پر فلم کا ٹریلر پیر کو ریلیز کیا گیا تھا جس کا دورانیہ بالی وُڈ کی فلموں کے ٹریلز کے معمول کے دورانیے سے کافی زیادہ ہے اور اب تک اسے تین کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
بالی وُڈ کی فلموں کے ٹریلیر کا دورانیہ عام طور پر دو سے اڑھائی منٹ یا بعض اوقات تین منٹ کے لگ بھگ ہوتا ہے تاہم ’سنگھم اگین‘ کے ٹریلر کا دورانیہ پانچ منٹ ہے۔
’سنگھم اگین‘ کی کہانی کے مرکزی کردار اجے دیوگن اور کرینہ کپور ہیں, تاہم ان کے علاوہ انڈسٹری کے دیگر کئی بڑے نام بھی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔
ایکشن فلم کی کاسٹ میں اجے دیوگن اور کرینہ کپور کے علاوہ دپیکا پاڈوکون، اکشے کمار، ٹائگر شروف، رنویر سنگھ، وکی کشال، ارجن کپور، جیکی شروف جیسے انڈسٹری کے بڑے ستارے شامل ہیں۔
ان کے علاہ سی آئی ڈی میں ’دیا‘ کا کردار ادا کرنے والے دیانند شیٹھی اور شویٹا تیوڑای بھی ’سنگھم اگین‘ کی طویل کاسٹ کا حصہ ہیں۔
فلم کے ٹریلر کے مطابق اجے دیوگن، اکشے کمار، رنویر سنگھ، دپیکا پاڈوکون پولیس اور قانون نافذ کرنے والی دیگر فورسز کے ارکان کے طور پر دکھائی دیں گے۔
اس فلم میں ارجن کپور اور ٹائیگر شروف ولن کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سلمان خان بھی اپنے معروف کردار چُل بُل پانڈے کے طور پر فلم میں نظر آئیں گے، تاہم فلم کے سامنے آنے والے ٹریلر میں وہ دکھائی نہیں دیے۔
واضح رہے کہ فلمی نقادوں کی جانب سے ’سنگھم اگین‘ کو بالی وُڈ کی سب سے زیادہ ستاروں کی کاسٹ والی فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
تاہم ’سنگھم اگین‘ یکم نومبر سنیما گھروں میں فلم بینوں کے لیے پیش کی جائے گی۔