Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ون ڈے: پاکستان کی 10 وکٹوں سے فتح، صائم ایوب کی شاندار سینچری

صائم ایوب نے 62 گیندوں پر 113 رنز سکور کیے (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے مقررہ ہدف 19ویں اوور کی پہلی گیند پر بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 113 رنز سکور کیے۔
زمبابوے کے بولرز کے لیے صائم ایوب درد سر ثابت ہوئے اور انہوں نے 17 چوکے اور تین چھکے لگائے۔
عبداللہ شفیق 48 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

زمبابوے کی اننگز

اس سے قبل زمبابوے کی پوری ٹیم 32ویں اوور کی تیسری گیند پر 145 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
اوپنر جویلورڈ گمبی پانچ جبکہ تادیوانشے مارومانی چار رنز بنا کر پویلین لوٹے. تیسری وکٹ کے لیے 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ایروائن 18 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے بعد کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا 17، شان ولیمز 31، برائن بینیٹ 14، بلیسنگ مزاربانی 11، برینڈن ماوتا 3 اور رچرڈ نگروا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار، آغا سلمان نے تین جبکہ صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے کامیابی حاصل کرکے تین میچز کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کی تھی۔

زمبابوے کا سکواڈ:

کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور شان ولیمز زمبابوے کے سکواڈ میں شامل تھے۔

پاکستان کا سکواڈ:

کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، ابرار احمد، حارث رؤف اور فیصل اکرم پاکستان کے سکواڈ کا حصہ تھے۔

شیئر: