دوران ڈرائیونگ اخبار کا مطالعہ، دبئی میں ٹریفک کی حیران کن خلاف ورزیاں
سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرائیوروں کے چالان کیے گئے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹریفک پولیس نے شاہراہوں پر ڈرائیونگ کے دوران کی جانے والی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد ڈرائیوروں کے چالان کیے ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول ڈیوائسز کے ذریعے ایسی خطرناک خلاف ورزیاں سامنے آئی جو سنگین حادثات کا سبب بن سکتی تھیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری تصاویر میں دکھایا گیا کہ ایک خاتون ڈرائیونگ کرتے ہوئے دونوں ہاتھوں میں بیک وقت موبائل فون پکڑے بات کررہی تھی جبکہ ایک اور خلاف ورزی میں ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا شخص موبائل فون کو ڈرائیور کے سامنے کرتے ہوئے اسے کچھ چیز دکھا رہا ہے۔
اسی نوعیت کی ایک سنگین خلاف ورزی ایک خاتون کی جانب سے ریکارڈ کی گئی جب وہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہوئے اخبار پڑھ رہی تھی اخبار کی وجہ سے وہ یہ نہیں دیکھ سکتی تھی کہ گاڑی کے سامنے کیا ہے۔
دبئی پولیس کے معاون ڈائریکٹر برائے آپریشنز کرنل سیف المزروعی کا کہنا ہے اس نوعیت کی خلاف ورزیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں خاص کرڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کااستعمال ہے ۔
دبئی پولیس نے شاہراہوں پر خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کا جامع سسٹم نصب کیا ہے جس کے ذریعے کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کا ثبوت حاصل کیا جاتا ہے تاکہ ڈرائیور کی جانب سے کیے گئے اعتراض پر اسے پیش کیا جاسکے۔
واضح رہے گزشتہ برس دبئی میں 100 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے جن میں 8 افراد ہلاک اور60 زخمی ہوئے تھے ان حادثات میں بیشتر کی وجہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال تھا۔