Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاک بسٹر فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کی 21 برس بعد دوبارہ ریلیز، مقبولیت کا نیا ریکارڈ

شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کی فلم ’کل ہو نہ ہو‘ سنہ 2003 میں ریلیز ہوئی تھی (فائل فوٹو: سکرین گریب)
بالی وُڈ کے لیجنڈ اداکار شاہ رخ خان، پریتی زنٹا اور سیف علی خان کی مشہور زمانہ فلم ’کل ہو نہ ہو‘ آج کی نسل میں بھی مقبول ہے۔
فلم اور شوبز پر رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق ’کل ہو نہ ہو‘ رواں ماہ کی 15 تاریخ کو انڈیا کے سنیما گھروں میں دوبارہ نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دیگر آپشنز کے باوجود ’کل ہو نہ ہو‘ میں شائقین فلم شاندار دلچسپی لے رہے ہیں۔
فلم نے ایک بڑا سنگ میل عبور کیا ہے اور یہ سال 2003 کی دوسری فلم ہے جو یہ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
ریلیز کے 14ویں دن ’کل ہو نہ ہو‘ نے صرف انڈیا کے باکس آفس پر 20 لاکھ انڈین روپوں کا کاروبار کیا ہے جو پچھلے دن کے 25 لاکھ کی کمائی سے 20 فیصد کم ہے۔
تاہم فلم بینوں کے پاس ’بھول بھلیاں 3‘، ’ویر زارا‘، ’کرن ارجن‘ اور ’سنگھم ایگین‘ جیسے آپشنز بھی موجود ہیں لیکن ’کل ہو نہ ہو‘ کو مداحوں کی جانب سے زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔
’کل ہو نہ ہو‘ فلم نے افتتاحی دن کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ کمائی کی ہے۔
کوئی موئی کے مطابق افتتاحی دن کی کمائی 12 لاکھ تھی۔ ’کل ہو نہ ہو‘ نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں دو کروڑ اور دو لاکھ انڈین روپوں کا کاروبار کیا تھا۔
جبکہ دوسرے ہفتے فلم نے دو کروڑ 13 لاکھ انڈین روپوں کا بزنس کیا ہے۔
’کل ہو نہ ہو‘ کی 2003 میں ریلیز کے بعد کی ساری کمائی 38 کروڑ ساٹھ لاکھ انڈین روپے تھی جبکہ 21 برس بعد دوبارہ ریلیز کے موقعے پر فلم نے دو ہفتوں میں چار کروڑ 15 لاکھ کما لیے ہیں۔
کئی فلم مداح یہ جانتے ہوں گے کہ ہریتک روشن کی فلم ’کوئی مل گیا‘ 2003 کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی۔ اس وقت فلم نے 47 کروڑ 25 لاکھ انڈین روپے کمائے تھے۔
دوسری جانب فلم ’کل ہو نہ ہو‘ اب سال 2003 کی دوسری فلم بن گئی ہے جس نے باکس آفس پر 40 کروڑ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
مذکورہ سال کی ٹاپ 10 فلموں میں سے کوئی بھی 30 کروڑ کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی تھی۔

شیئر: