2023-24 میں ریکارڈ بزنس کرنے والی بالی وڈ کی فلمیں کون سی ہیں؟
سنہ 2024 میں ریلیز ہونے والی ہارر کامیڈی ژانرا کی یہ فلم ’ستری‘ سیریز کی دوسری پیشکش تھی۔ (فوٹو: یوٹیوب)
گذشتہ دو برس بالی وڈ کے لیے بہت کامیاب رہے ہیں اور پے در پے کئی ناکامیوں کے بعد انڈین فلموں نے بے پناہ کمائی کی ہے۔
ذیل میں ہم ان پانچ فلموں کا بتائیں گے جنہوں نے شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق سنہ 2023 سے 2024 تک باکس آفس پر راج کیا ہے۔
1: ’جوان‘
بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی طویل عرصے بعد 2023 میں بڑے پردے پر واپسی ہوئی تو انہوں نے یکے بعد دیگرے اپنے مداحوں کو دو کامیاب فلموں کے تحفے دیے۔ ’پٹھان‘ کی بے مثال کامیابی کو ’جوان‘ نے بام عروج پر پہنچا دیا اور شائقین کی جانب سے اسے بے حد پسند کیا گیا۔ جس کا عملی ثبوت اس کی انڈین باکس آفس پر 640 کروڑ 42 لاکھ انڈین روپے کی کمائی ہے۔
2: ’ستری 2‘
سنہ 2024 میں ریلیز ہونے والی ہارر کامیڈی ژانرا کی یہ فلم ’ستری‘ سیریز کی دوسری پیشکش تھی اور اس نے کامیابیوں کے نئے جھنڈے گاڑے۔ راج کمار راؤ اور شردھا کپور کی اداکاری نے جہاں فلم کو چار چاند لگائے وہیں تمنا بھاٹیہ کے آئٹم نمبر ’آج کی رات‘ نے فلم بینوں کے دلوں کو خوب گرمایا۔ اور یوں یہ فلم 627 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
3: ’اینیمل‘
رنبیر کپور کی اس فلم کو جہاں عوام نے پسند کیا وہیں اس کے پرتشدد مناظر اور مردانہ بالادستی کو دکھانے پر اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ لیکن اس سب کے باوجود اس فلم نے 2023 میں باکس آفس پر 554 کروڑ انڈین روپے کمائے۔
4: ’پٹھان‘
گذشتہ 16 برسوں کی کامیاب فلموں میں شاہ رخ خان کی اس فلم کا چوتھا نمبر ہے۔ اور یہ فلم کافی خاص بھی تھی کیونکہ کئی فلموں کی ناکامیوں اور بیٹے آریان خان کی منشیات کے کیس میں گرفتاری نے ان چہ مگوئیوں کو جنم دیا تھا کہ شاہ رخ خان کا کیریئر ختم ہو گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان خون نے لے لی ہے، لیکن وہ جو کہتے ہیں نہ کہ ’پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست‘، تو شاہ رخ اس ڈائیلاگ کی عملی شکل نظر آئے۔ اور یوں سنہ 2023 میں ریلیز ہونے والی ’پٹھان‘ کے ساتھ بالی وڈ کے بادشاہ نے ایسا دھماکے دار کم بیک کیا کہ یہ فلم کئی ریکارڈ توڑتے ہوئے 543 کروڑ 22 لاکھ انڈین روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
5: ’غدر 2‘
’ڈھائی کلو کا ہاتھ‘ والے سنی دیول جو اپنی ماڑ دھاڑ اور ایکشن سے بھرپور فلموں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، کئی عرصے سے بڑے پردے سے غائب تھے، لیکن سنہ 2023 میں ان کی مشہور زمانہ فلم ’غدر‘ کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا تو اس نے کھڑکی توڑ کامیابی سمیٹی اور یوں اس فلم نے باکس آفس پر 525 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے کما کر اپنا نام تاریخ میں درج کرا لیا۔