سعودی دارالحکومت ریاض میں کنگ خالد آئی سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کو رائل کمیشن فار ریاض سٹی کے تحت ایک آزاد، نجی اور غیر منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کےلیے سنیچر کو شاہی فرمان جاری کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن کے قائم مقام سی ای او ابراہیم بن محمد السلطان نے مملکت میں صحت کی خدمات بہتر بنانے کے عزم پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ اقدام ہسپتال کو امراض چشم میں ایک عالمی رہنما کے طور پر قائم کرے گا جو عالمی معیار کی ہیلتھ کیئر کی فراہمی کےلیے قیادت کے لگن کو ظاہر کرتا ہے۔‘
رائل کمیشن ہسپتال کی ترقی کی نگرانی کرے گا، اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو اور سعودی ہیلتھ کیئر کی بہترین کارکردگی کے سنگ بنیاد کے طور پر کام کرتا رہے۔
ہسپتال کی تبدیلی کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور کنگ سعود یونیورسٹی سمیت خصوصی صحت اور تعلیمی اداروں کو بڑھانے کےلیے ایک وسیع تر اقدام کا حصہ ہے۔