یمنی عوام تحمل کا مظاہرہ کریں اور استحکام کے لیے مکالمے کو ترجیح دیں: یو اے ای
بیان کے مطابق ’متحدہ عرب امارات اس امر کی بھی توثیق کرتا ہے کہ کشیدگی میں کمی اور تعمیری مکالمہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کا سب سے مؤثر راستہ ہے۔‘ (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنیچر کو کہا ہے کہ وہ یمن میں حالیہ پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور جاری کشیدگی میں اضافے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
وام نیوز ایجنسی کے مطابق یو اے ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمنی عوام کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور سلامتی و استحکام کے تحفظ کے لیے مکالمے کو ترجیح دینی چاہیے۔
’متحدہ عرب امارات کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیتا ہے، اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے کو ترجیح دینے اور برادر یمنی عوام کے درمیان موجود اختلافات کو فہم و فراست اور پائیدار سیاسی حل پر اتفاقِ رائے کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ عمل ایک معقول اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے تحت ہونا چاہیے جو ملک اور اس کے عوام کے مفادات کو مقدم رکھے، جبکہ استحکام اور خوشحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔‘
بیان کے مطابق ’متحدہ عرب امارات اس امر کی بھی توثیق کرتا ہے کہ کشیدگی میں کمی اور تعمیری مکالمہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کا سب سے مؤثر راستہ ہے، جو یمن اور خطے میں دیرپا استحکام کے فروغ اور عوام کی سلامتی و خوشحالی سے متعلق امنگوں کی تکمیل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔‘
