Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈلاک برقرار، دبئی میں آئی سی سی کا اجلاس شروع ہوئے بغیر ہی ملتوی

چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں پاکستان آئندہ انڈیا کا دورہ نہیں کرے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں جمعرات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طے شدہ بورڈ میٹنگ ایک مرتبہ پھر ملتوی کردی گئی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر میزبان پاکستان اور انڈیا کے درمیان ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے اور آج دبئی میں شیڈول آئی سی سی بورڈ میٹنگ بھی ملتوی کردی گئی ہے۔
اب چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کا اجلاس سنیچرسات دسمبر کو دوبارہ بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی میٹنگ اس وقت ہی ہوگی جب انڈیا پاکستان کے مؤقف پر اپنا جواب دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج شیڈول میٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی کردی گئی۔ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جواب نہ ملنے پر اجلاس ملتوی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ’پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہے کہ اب اجلاس اس وقت ہی بلایا جائے جب فیصلہ کرنا ہو، پہلے انڈیا سے حتمی جواب لیا جائے پھر بات ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج شام شیڈول تھی جس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی پہنچے تھے۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے بڑے فیصلے کا امکان تھا۔
اس سے قبل آئی سی سی نے حالیہ اجلاس میں پاکستان اور انڈیا کے بورڈز پر زور دیا گیا تھا کہ وہ باہمی مشاورت سے مل کر اس بحران کا حل تلاش کریں۔
انڈیا کے انکار کے بعد حکام کے درمیان تھرڈ آپشن کے طور پر ہائبرڈ ماڈل زیر غور رہا ہے۔
ہائبرڈ کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کرائے جانے کی تجویز شامل ہے۔
پاکستان بورڈ کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پر موقف اپنایا گیا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل تسلیم کر لے گا لیکن وہ مستقبل میں انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کے گلوبل ایونٹس کے لیے یہی پالیسی اپنائے گا۔
یعنی مستقبل میں انڈیا میں جو گلوبل ٹورنامنٹس کھیلے جائیں گے ان میں پاکستان انڈیا جا کر شرکت نہیں کرے گا بلکہ اسی طرح سے کسی نیوٹرل وینیو پر اپنے میچز کھیلے گا۔

شیئر: