افرادی قوت کا نیا اقدام ، اشاروں کی زبان میں قانونِ محنت
سعودی قانونِ محنت سے واقفیت ہرایک کےلیے ضروری ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت افرادی قوت کی جانب سے قوت سماعت وگویائی سے محروم افراد کے لیے لیبرلاز کو اشاروں کی زبان میں بیان کرنے کی مہم کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جارہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ’ہیومن ریسورسز‘ کے ایک ماہر خالد الحربی کا کہنا ہے کہ سعودی قانونِ محنت سے واقفیت ہر ایک کا حق ہے اسی لیے قانون کے اہم نکات کو ان لوگوں کے لیے بھی آسان بنایا گیا ہے جو سماعت و گویائی سے محروم ہیں۔
الحربی کا مزید کہنا تھا کہ اشاروں کی زبان میں محنت کے قوانین کو شروع کرنے کے کافی فوائد ہیں خاص کر وہ طبقہ ان سے مستفیض ہوگا جنہین ان ضوابط سے واقفیت کی اشد ضرورت ہے۔
قانونِ محنت میں انتہائی اہم ترین امور جن کے بارے میں جاننا سب کے لیے ضروری ہے انہیں مختصرطورپر اس طرح بیان کیا گیا ہے ’آپ کےلیے کیا اور درکار کیا ‘ ۔
سعودی قانونِ محنت میں آجر و اجیر کے حقوق و فرائض واضح کیے گئے ہیں جن کی خلاف ورزی پر سخت گرفت کی جاتی ہے۔ کارکنوں کو بھی چاہے کہ وہ اپنے حقوق و فرائض کے بارے میں سعودی لیبر لاز سے بہتر طورپر واقفیت حاصل کریں تاکہ کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے قوانین و ضوابط مقرر کیے ہیں ۔ وہ کارکن جو ان سے واقف نہیں ہوتے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے یہ ضروری ہے کہ بنیادی قانونی نکات سے واقفیت حاصل کی جائے۔