اردن اور لبنان نے شام کے ساتھ بارڈر کراسنگ بند کردی
بارڈرکراسنگ سے کسی کو شام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
اردن اور لبنان سے شام کے ساتھ بارڈر کراسنگ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ عمان نے شام کے ساتھ واحد تجارتی اور مسافر بارڈر کراسنگ بند کردی ہے۔‘
شامی فوج کے ایک ذریعے نے روئٹرز کو بتایا’ مسلح گروہ اردن کے ساتھ نصیب بارڈر کراسنگ پر فائرنگ کررہے ہیں۔‘
ذرائع نے مزید کہا ’ کراسنگ میں دراندازی کرنے والے مسلح گروپوں نے وہاں موجود شامی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا ہے۔‘
ذرائع کا کہنا ہے’ درجنوں ٹریلر اور مسافر اب علاقے کے قریب پھنسے ہوئے ہیں۔‘
اردن کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے’ اردن کے باشندوں اور اردنی ٹرکوں کو کراسنگ کے ذریعے واپسی کی اجازت ہوگی جسے اردن کی طرف جابر کراسنگ کہا جاتا ہے جبکہ کسی کو شام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
جمعے کو لبنان کے جنرل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ’ شام کے ساتھ تمام بارڈر کراسنگ بند کی جا رہی ہیں سوائے ایک مرکزی کراسنگ کے جو بیروت کو شام کے دارالحکومت دمشق کو جوڑتی ہے۔‘
بارڈر کراسنگ کی انچارج سکیورٹی ایجنسی کا یہ فیصلہ شمالی لبنان میں شامل کے ساتھ العریضہ بارڈر کراسنگ کھولنے کے چند دن بعد اسرائیلی حملے سے نقصان پہچنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں اور شام کی سرحد کے قریب تعینات اپنی فوج کو مضبوط بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔