شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا پاکستان میں فوڈ سکیورٹی منصوبے شروع کرنے کا اعلان
جمعہ 13 دسمبر 2024 14:04
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت دسمبر 2024 سے نومبر 2025 تک پاکستان بھر میں (14000 ٹن) فوڈ پیکجز تقسیم کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے تمام صوبوں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق افراد مستفید ہوں گے۔
اس سلسلے میں تقریب اسلام آباد میں سعودی سفارت خانہ میں منعقد ہوئی جہاں مقامی مستحقین میں اشیائے خورد ونوش تقسیم کر کے پروگرام کا آغاز کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے مستحق افراد کو امداد پر ان کے مشکور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب طویل، مستحکم اور بارہا آزمودہ دوستی اور بھائی چارے میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کو ہمیشہ پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کا خیال رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنگ سلمان ریلیف فوڈ پروگرام پاکستان کے دور دراز لوگوں کے لیے ایسا پروگرام ہے جو پسماندہ ترین لوگوں کے لیے ایک امید کی کرن ہے جو ان کے معیار زندگی میں بہتر بنانے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ یہ اقدام انتہائی بروقت ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں اپنے بھائیوں کو اشیائے خوردونوش بطور تحفہ بھیج رہے ہیں۔
اردو میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ یہ تعلقات مذہبی سیاسی دفاعی عسکری اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ ہم یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب ہر حال میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ کسی بھی مشکل وقت مین ہم پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انھوں نے پاک سعودی بھائی بھائی اور پاک سعودی دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔
اس حوالے سے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا کہنا ہے کہ تقسیم کے عمل کو شفافیت کرتے ہوئے مستحقین اور مؤثرین کو فوڈ کی امداد پہنچانے کے لیے زیادہ توجہ دی جائے گی۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے دیے جانے والے فوڈ پیکج میں تمام ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں۔ ایک فوڈ پیک 95 کلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 80 کلو آٹا، 5 کلو چاول، 5 کلو چینی شامل ہیں۔ یہ پیکج ایک خاندان کے لیے ایک ماہ کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ پروجیکٹ مملکت سعودی عرب کے انسانی ہمددری کے تحت پاکستان میں کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی نگرانی میں شفاف طریقے سے مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔