الباحہ ریجن کے تاریخی علاقے ’المعملہ‘ میں سینکڑوں برس قدیم آثار
الباحہ ریجن کے تاریخی علاقے ’المعملہ‘ میں سینکڑوں برس قدیم آثار
بدھ 1 جنوری 2025 5:21
اس علاقے میں عہدِ رفتہ کے متعدد آثار دریافت ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی آثار قدیمہ اتھارٹی نے الباحہ ریجن کے تاریخی علاقے ’المعملہ‘ میں آثار کی تلاش کا تیسرا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔
علاقے میں عہدِ رفتہ کے متعدد آثار دریافت ہوئے ہیں جن میں مکانوں کی باقی ماندہ دیواریں اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دریافت ہونے والے آثار میں گرینیٹ کے پتھروں سے بنی ہوئی دیواریں جو عہدِ رفتہ کی فن تعمیر کی عکاسی کرتی ہیں۔
ماہرین کی ٹیموں کو 230 پرانی اشیا کے ٹکرے بھی ملے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
دریافت ہونے والی دیوار 50 سے 120 سینٹی میٹر بلند اور 50 سے 80 سینٹی میٹر چوڑی ہیں ۔ بعض مقامات پرنقش ونگار بھی کنندہ ہیں۔
ایک مقام پر دو مکان دریافت ہوئے جن میں ایک یونٹ میں تین کمرے، چار گودام اور پانچ حوض جبکہ دوسرا یونٹ تین کمروں، دو گوداموں، چار پانی کے حوض، تندور اورایک چولہے پر مشتمل تھا۔ دریافت ہونے والے یہ مکان اس دور کی فن تعمیر کی اعلی مثال ہیں جنہیں دیکھ کر اس دور کے انجینئرز کی مہارت کا اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح انہوں نے مساوی اور متوازن انداز میں مکان تعمیر کرائے۔
ماہرین کی ٹیموں کو آثار قدیمہ کی تلاش کے دوران 230 پرانی اشیا کے ٹکرے بھی ملے ہیں جن میں کچی مٹی کے برتن اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
علاوہ ازیں 48 چٹانی پتھروں سے بنائی گئی چیزیں اور 26 شیشے کی اشیا جن پر مختلف رنگوں سے نقوش بنائے گئے تھے بھی دریافت ہوئے ہیں۔