سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔
منگل کے روز پی ایس ایل کے ایکس اکاؤنٹ سے ڈیوڈ وارنر کی رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے لکھا گیا ’سال 2024 کا اختتام بلندی پر، آسٹریلیا کے پاور ہاؤس ڈیوڈ وارنر نے پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے رجسٹر کر لیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
ڈیوڈ وارنر کی گمشدہ ’بیگی گرین‘ کیپ چار دن بعد انہیں واپس مل گئیNode ID: 824991
ٹائمز ناؤ کے مطابق ڈیوڈ وارنر پہلی مرتبہ پی ایس ایل ڈرافٹ کا حصہ بنیں گے۔ سال 2018 سے 2019 میں وارنر پر پابندی لگنے کے بعد انہیں 2019 کا پی ایس ایل کھیلنے کی آفر کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔
تاہم چھ سال بعد وارنر دوبارہ پاکستان کی پریمیئر ٹی20 لیگ کے ڈرافت میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2 کروڑ انڈین روپے کی قیمت کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ 2025 کے آکشن کا حصہ بھی بنے مگر انہیں کسی ٹیم نے نہ خریدا۔
اپریل 2025 میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 10 کا ڈرافٹ جنوری کے آغاز میں متوقع ہے اور ڈیوڈ وارنر سمیت متعدد بین الاقوامی کرکٹرز اس کا حصہ ہیں۔
ڈیوڈ وارنر کے کیرئر پر ایک نظر
وارنر نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز 2009 میں دہلی کیپیٹلز (دہلی ڈیئر ڈیولز) کے ساتھ کیا تھا اور 2013 تک وہ اس ٹیم کا حصہ رہے۔ آئی پی ایل 2014 میں سن رائزرز حیدرآباد نے انہیں خریدا اور 2015 میں انہیں ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا۔ سال 2016 میں ان کی کپتانی میں سن رائزرز آئی پی ایل ٹرافی جیتنے بھی کامیاب ہوئی۔

سن رائزرز کے ساتھ وارنر کی شراکت 2021 میں ختم ہوئی جب انہیں کپتانی سے ہٹا کر پلیئنگ الیون سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
سال 2022 کے آئی پی ایل میں وہ دہلی کیپیٹلز کا حصہ بنے اور 2023 میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
