خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح ‘جدہ سپرڈوم ’ میں نائب گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کریں گے۔
وزارتِ حج وعمرہ کے زیر انتظام ضیوف الرحمن خدمت پروگرام کے تعاون سے کانفرنس و نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
چوتھی حج کانفرنس اور ایکسپو 13 جنوری 2025 سے جدہ میںNode ID: 882452
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 280 سے زائد ادارے شرکت کر رہے ہیں جبکہ 120 سے زیادہ سپیکرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
کانفرنس میں حج خدمات فراہم کرنے والے مقامی اور 100 سے زائد بین الاقوامی اداروں کے اعلی عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔
کانفرنس 13 سے 16 جنوری تک جاری رہے گی جس میں 75 کے قریب مذاکراتی سیشنز ہوں گے جن میں عازمین حج کو مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ذمہ داران اپنی آرا و تجاویز پیش کریں گے۔
توقع ہے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیر، وزرا اور خدمات فراہم کرنے والی مقامی اور عالمی اداروں کے ذمہ دار بھی شرکت کریں گے۔
کانفرنس، مختلف ممالک کے حج مشنز اور عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کا اہم ذریعہ ہو گی جس سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر کیا جاسکے گا۔

کانفرنس ایک ایسا سٹراٹیجک پلیٹ فارم ہے جس میں شریک ماہرین ، مفکرین، سفارتکاروں اور حج مشنز کی موجودگی میں نہ صرف باہمی تجربات اور معلومات کے تبادلے کا موقع ملتا ہے بلکہ اس شعبے میں خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان ایک مثبت و شفاف مقابلے کے رجحان میں اضافہ ہوتا ہے۔
کانفرنس میں 250 سے زائد سرکاری، نجی اور غیرمنافع بخش اداروں کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے جو حج خدمات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
اس مقصد درپیش چیلنجز سے بہتر طورپر نمٹنا اور ان کا پائیدار حل پیش کرناہے۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی اہم معلومات مہیا کی جائیں گی جس کا مقصد حج خدمات کے شعبے کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔
کانفرنس کے علاوہ حج خدمات کےحوالے سے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو 50 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور بہتر حج تجربے سے مستفیض ہونے کے لیے فراہم کی جانے والی سروسز پرروشنی ڈالی جائے گی جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔
واضح رہے کانفرنس کا گزشتہ ایڈیشن کافی کامیاب تھا جس میں 202 تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ ایک سو ممالک کے مندوبین اورشرکت کرنے والے زائرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد رہی ، 1430 مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا کوریج کی گئی۔