سردی کی نئی لہر کا آغاز، بیشتر شہروں میں تیز ہوا
’سائبیریا سے آنے والی نئی لہر کئی دن تک جاری رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ آج پیر سے سعودی عرب کے متعدد شہر سردی کی نئی لہر کی زد میں ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’سائبیریا سے آنے والی نئی لہر کئی دن تک جاری رہے گی جس سے شمالی، وسطی اور مشرقی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’ریاض، مشرقی ریجن اور نجران میں تیز ہوا چلے گی جس سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقے بھی متاثر ہوں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’عسیر، جازان اور الباحہ میں ہلکی بارش کی توقع ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی‘۔
’ہلکی بارش اور دھند کی کیفیت شمالی حدود، الجوف اور حائل میں بھی دیکھی جائے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بعض علاقوں میں گرد آلود ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔