Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: کرم میں امدادی سامان کے قافلے پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی: پولیس

یہ لائیو پیج مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

اہم نکات:

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان کو 14 اور ان کی اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا
  • کرم میں امدادی سامان کے قافلے پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی: پولیس
  • سرکاری عازمین حج کی لازمی تربیت، پہلی ورکشاپ سنیچر کو پشاور میں: وزارت مذہبی امور
  • مراکش کشتی سانحہ: ’ہتھوڑوں سے مار مار کر سمندر میں پھینکا گیا‘
  • ’ٹو افریقہ کیبل‘ پاکستان میں لینڈ کر گئی ہے: شزہ فاطمہ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے اعظم خان اور راجا انعام امین نامزد

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے سیشن جج اعظم خان اور سینیئر وکیل راجا انعام امین منہاس کو نامزد کیا گیا  ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے محمد آصف ریکی، نجم الدین مینگل، محمد ایوب کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے دو اجلاس سپریم کورٹ کانفرنس روم میں منعقد ہوئے۔  
پہلے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا جبکہ دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتوں پر غور کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے ججز کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز کی منظوری متفقہ طور پر دی گئی۔

کرم: امدادی سامان کے قافلے پر حملے میں 10 ہلاکتیں، چھ ڈرائیور اغوا

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پولیس کے مطابق امدادی سامان لانے والے قافلے پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک مقامی پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو سکیورٹی اہلکار، چار ڈرائیور اور چار شہری شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ ’پانچ سے چھ ڈرائیوروں کو ایک مقامی گروہ نے اغوا کر لیا ہے۔‘
ضلع کرم کے لیے امدادی سامان لے جانے والے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ جمعرات کو پیش آیا، جب پاڑہ چنار جانے والے قافلے پر بگن کے مقام پر مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

مغربی ہواؤں کا سلسلہ 18 جنوری کو ملک میں داخل ہوگا: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 18 جنوری کو ملک میں داخل ہوگا۔
کوئٹہ، زیارت، چمن اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برفباری کی توقع ہے۔
محمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بلوچستان کے بعض علاقوں میں 18 اور 19 جنوری کو فلیش فلڈنگ کا امکان ہے۔

بنگلہ دیش کی عسکری قیادت کی پاکستان بحریہ کے سربراہ سے ملاقات

پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے ملاقات کی۔
پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحری افواج کے درمیان تربیت، دو طرفہ دوروں اور بحری مشقوں کے انعقاد پر زور دیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کے لیے پاکستان بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔

سرکاری عازمین حج کی لازمی تربیت کا آغاز

ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری عازمین حج کی لازمی تربیت کا آغاز ہو گیا ہے۔
پہلی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد 18 جنوری سنیچر کو پشاور میں ہو گا۔ اتوار 19 جنوری کو  ٹنڈو محمد خان اور پشاور کے عازمین کو  تربیت دی جائے گی۔
پیر 20 جنوری حیدرآباد اور نوشتہ میں تربیتی کیمپ لگیں گے جبکہ منگل کو کوہاٹ، شیخوپورہ اور میرپور خاص سندھ کے عازمین حج تربیت حاصل کریں گے۔
لازمی حج تربیت کا پہلا مرحلہ 27 فروری کو مکمل ہو گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 147 مقامات پر حج تربیت فراہم کی جائے گی۔ عازمین حج کے لیے تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازمی ہے۔
عازمین حج کی حاضری پاک حج موبائل ایپ میں موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے لی جائے گی۔ سمندر پار پاکستانی سفر حج سے قبل متعلقہ حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔

پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ پہلا سیٹلائٹ خلا کے لیے روانہ

پاکستان کا مقامی سطح پر تیارکردہ پہلا سیٹلائٹ الیکٹرو آپٹیکل (ای او ون) خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ آج چین کے جیچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’پاکستانی انجینئرز کے ڈیزائن اور تیار کردہ ای اوون سیٹلائٹ کے ذریعے زراعت، ماحولیات نگرانی شہری منصوبہ بندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں کو فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔‘
اس سیٹلائٹ کو بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر سات منٹ پر لانگ مارچ-ٹو ڈی کیریئر راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا۔
چند روز قبل پاکستان کے خلائی اور بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے بتایا تھا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والے ای او ون مشن کی روانگی خلائی سائنس کے اختراع میں پاکستان کی تکنیکی صلاحیتیں، مہارت اور پیش رفت کے سپارکو کے عزم کی عکاس ہے۔
سپارکو کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

عمران خان کی سزا تاریخ میں یاد رکھی جائے گی: علیمہ خان

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلینج کریں گے۔ آج یقین کریں اس نظام پر بہت دکھ ہوا۔‘
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ’عمران خان نے کہا سب کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ پڑھنی چاہیے جس میں یہ لکھا ہوا ہے کہ جنرل یحییٰ نے اپنی ذات کے لیے مشترقی پاکستان میں جو کیا اور اپنے اقتدار کے لیے انھوں نے پاکستان کے دو ٹکڑے کروائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی سزا اسی طرح تاریخ کا حصّہ اور ایک کڑی ہے۔‘

کبھی نہیں ہوا کہ ریاست کی رقم کسی کے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈال دی جائے: خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’القادر یونیورسٹی کیس کا فیصلہ آ گیا ہے۔ چوری کا مال ہڑپ کرنے کی کوشش ہو رہی تھی۔ صرف ایک ہی سوال ہے کہ سرکاری پیسہ ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں کیوں گیا؟‘
سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ’پاکستان میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ریاست کی رقم کسی کے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈال دی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی کے پیسے کھائے گئے، 190 ملین پاؤنڈ عوام کے پیسے تھے۔

عمران خان صدر کو رحم کی اپیل دیں تو وہ معافی دلا سکتے ہیں: وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر نے کہا ہے کہ ’غیرقانونی طور پر باہر بھیجا گیا پیسہ عوام کا ہوتا ہے۔ یہ ایک بنیادی کیس کا بنیادی فیصلہ ہے۔‘
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ملک کے ساتھ ایک بہت گھناؤنا کام ہوا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ اس طرح سے تعلیم جیسے مقدس پیشے کو پیسے کے لیے استعمال کیا گیا۔‘
اعظم نذیر کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک اوپن اینڈ شٹ کیس تھا اور اس معاملے میں مذہب کو استعمال نہیں کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر عمران خان صدر آصف علی زرداری کو رحم کی اپیل  دیں تو وہ انھیں معافی دلا سکتے ہیں۔‘
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ’یہ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا جس کا فیصلہ میرٹ کے مطابق ہے۔‘

مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیے، تمام کیسز کا سامنا کروں گا: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں اور اہلیہ کو سزا دینے کے فیصلے سے عدلیہ کی ساکھ خراب ہوئی ہے۔
جمعے کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائے جانے پر ردعمل میں عمران خان نے عدالت میں موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے القادر ٹرسٹ کے معاملے پر جو کچھ کیا تھا اس سے انہیں کوئی فائدہ ہوا تھا اور نہ حکومت کو کوئی نقصان۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیے، تمام کیسز کا سامنا کروں گا۔‘

عمران خان نے فیصلہ سنا تو مسکرا دیے: بیرسٹر گوہر خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ یہ ملک کے متنازع فیصلوں میں ایک اور اضافہ ہے اور دو سال کی مسلسل ناانصافیوں کے بعد ہمیں اس پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔
جمعے کو فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب فیصلہ سنایا گیا تو عمران خان مسکرا دیے۔‘
ان کے مطابق ’جو ایسے فیصلے سناتے ہیں ان کو پروموشن ملتی ہے۔‘
انہوں نے بشریٰ بی بی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑی یہں۔

پاکستان تحریک انصاف کا فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ وہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’آج پاکستان کی جوڈیشل تاریخ میں سیاہ دن ہے۔ ہم اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کریں گے۔‘
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ’اس کیس میں نہ عمران خان کو فائدہ ہوا نہ ہی بشریٰ بی بی کو فائدہ ہوا۔ ان دونوں کو اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ انہوں نے القادر یونیورسٹی بنائی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو اس ملک کو لوٹتے ہیں وہ باہر ہیں  اور جو اس ملک کے ساتھ مخلص تھے وہ جیل میں ہیں۔ اس فیصلے کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ ہمارا لیڈر ثابت قدم ہے، یہ تمام سیاسی کیسز ہیں۔‘

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو 14، بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے عمران خان کو 14 سال جبکہ اہلیہ بشریٰ بی بی کو اعانت جرم میں 7 سال کی سزا سنائی ہے۔ 
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے جمعے کے روز محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ 
مختصر فیصلے میں القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ‏عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں عمران خان کو مزید چھ ماہ اور بشریٰ بی بی کو مزید تین ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔

’ٹو افریقہ کیبل‘ پاکستان میں لینڈ کر گئی ہے: شزہ فاطمہ

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ ’سب سے بڑی ٹو افریقہ کیبل پاکستان میں لینڈ کر گئی ہے جسے فعال ہونے میں چند مہینے لگیں گے۔‘
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں لینڈ کرنے والی سب میرین کیبلز کی تعداد سات ہے جن میں سے ایک آخری دموں پر ہے۔‘
شزہ فاطمہ نے بتایا کہ ’پاکستان چائنہ آپٹک فائبر کیبل بھی فعال ہو گئی ہے، چین کا ڈیٹا پاکستان سے جانا شروع ہو جائے گا۔ ہمارا دنیا کے ساتھ لائیو انٹرنیٹ کا چینل بہتر ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ وی پی این انڈسٹری اور فری لانسرز کے لیے بہت اہم ہے جس کے بغیر فری لانسنگ انڈسٹری نہیں چل سکتی۔ 
شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی اے کی جانب سے اس وقت آئی پی رجسٹریشن مفت ہے۔ 2010 میں ہزار سے کم رجسٹریشنز تھیں لیکن اب تین مہینے میں 31 ہزار سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہیں۔‘

مراکش کشتی سانحہ: ’ہتھوڑوں سے مار مار کر سمندر میں پھینکا گیا‘

'افریقہ کے ایجنٹوں نے 65 لوگوں کو کشتی پر بٹھایا اور سمندر کے بیچ لے جا کر ایک ایک کرکے مارنا شروع کر دیا۔ اسلحے سے لیس افراد نے پہلے سب کے ہاتھ پاؤں باندھے، پھر صحت مند جسامت کا جو بھی شخص دکھائی دیتا، وہ اسے مارنا شروع کر دیتے۔ سر میں ہتھوڑے مارتے، آنکھیں نکالتے اور مر جانے پر سمندر میں پھینک دیتے۔ بیچ سمندر موت کا یہ کھیل 13 دن تک جاری رہا اور اس عرصے میں 50 لوگ قتل کر دیے گئے۔ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کشتی ڈوبی ہے، وہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔'
یہ دو بھانجوں کے ماموں اور ایک یتیم بھانجے کو باپ بن کر پالنے والے گجرات کے گاؤں ڈھولہ سے تعلق رکھنے والے چوہدری احسن گورسی کے الفاظ ہیں۔

مراکش کشتی سانحہ: ’ہتھوڑوں سے مار مار کر سمندر میں پھینکا گیا‘

احسن گورسی کی دو بہنوں کے بیٹے عاطف شہزاد اور سفیان جاوید عرف عاقب مغربی افریقہ سے سپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی میں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
مغربی افریقہ سے سپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 44 پاکستانی ہیں۔

گذشتہ روز کی اہم خبریں: 

  • تحریری مطالبات پیش، پی ٹی آئی کا حکومت سے دو کمیشنز کی تشکیل کا مطالبہ
  • واخان پر قبضہ کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس حقائق کے منافی ہیں، پاکستان
  • لوئر کرم کے علاقے بگن میں پاڑہ چنار جانے والے قافلے پر فائرنگ سے 4 افراد زخمی
  • پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم

     

شیئر: