Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر، امیر کویت اور دیگر عرب رہنماوں کی ٹرمپ کو مبارکباد

صدر اور انتظامیہ کی کامیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ (فوٹو: وام)
عرب اور خلیجی رہنماوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ایکس اکاونٹ پر ڈوالڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی کامیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
وام کے مطابق انہوں نے کہا ’متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے، علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘
 امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی مبارکباد دی ہے۔
عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری ٹرم کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
امیر کویت شیخ مشعل احمد الجابر الصباح نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پیغام میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
اردن کے فرمانروا عبداللہ ثانی نے کہا کہ’ اردن، امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ ایک خوشحال اور پرامن دنیا کے لیے صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
فلسطینی صدر محمود عباس نے بیان میں کہا’ فلسطینی اتھارٹی دو ریاستی حل کی بنیاد پر ٹرمپ انتطامیہ کے دور میں امن کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔‘
یاد رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک ہاتھ اپنے والدہ کی جانب سے دیے گئے بائبل پر رکھ کر جب کہ دوسرا ہاتھ ہوا میں لہرا کر حلف لیا۔ صدر ٹرمپ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس سمیت امریکہ کے سابق صدور باراک اوبامہ، جارج بش اور بل کلنٹن بھی موجود تھے۔
اس سے قبل تقریب میں شرکت کے لیے سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور ڈوبلڈ ٹرمپ نے ایک ساتھ وائٹ ہاؤس سے ایک ہی گاڑی میں کیپیٹل ہل پہنچے۔

شیئر: