سعودی عرب کے 11 ریجنوں میں گرد وغبار، حد نگاہ متاثر
’الحناکیہ، المہد، وادی الفرع اور العلا میں مطلع گرد آلود اور رات 9 بجے تک حد نگاہ متاثر ہو گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو ملک کے 11 ریجن گرد وغبار سے متاثر ہوں گے جس کے باعث حد نگاہ محدود رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اضم، میسان اور طائف میں مطلع گرد آلود رہے گا جبکہ بعض شہروں میں ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔
’ریاض ریجن کے الافلاج، السلیل، وادی الدواسر، الزلفی اور الغاط میں بھی ملتی جلتی کیفیت ہے جہاں رات 9 بجے تیز ہوا چلے گی‘۔
مدینہ منورہ کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’الحناکیہ، المہد، وادی الفرع اور العلا میں مطلع گرد آلود اور رات 9 بجے تک حد نگاہ متاثر ہو گی‘۔
’قصیم، حائل، الجوف، شمالی حدود، تبوک، مشرقی ریجن، عسیر اور الباحہ میں گرد رہے گی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔
’بحیرہ احمر میں 50 کلو میٹر تک رفتار کی ہوا چلے گی جس کے باعث دو میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی جبکہ خلیج عربی میں 32 کلو میٹر تک کی رفتار کی ہوا چلے گی جس سے ڈیڑھ میٹر تک اونچی موجیں اٹھنے کا امکان ہے‘۔