پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے وفاقی چارٹر یونیورسٹیوں کی 10 ہزار نشستوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ اوورسز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ہمارے سفیر ہیں، ان کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں میں خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ مقدمات کی ای فائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کو ایف بی آر میں فائلر کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا اور بورڈ آف ریونیو میں ان کے لیے الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جعلی مقدمات کو روکنے کے لیے سول کورٹس کے طریق کار میں تبدیلی کریں گے۔‘
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں میڈیکل کالجز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لیے 15 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’آن لائن سیل ڈیڈز رجسٹریشن کی سہولت آزمائشی بنیادوں پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں مہیا کی جائے گی۔ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے لیے فزیبلٹی سٹڈی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’30 جون تک 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہونے کا امکان ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہر سال 14 اگست کو سمندر پار پاکستانیوں کو گراں قدر خدمات پر سول ایوارڈ دیے جائیں گے۔‘
اس موقعے وزیراعظم نے گرین چینل کی بحالی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ چند ہفتوں میں گرین چینل بحال ہو جائے گا۔
’سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب میں خصوصی دفتر قائم کیا گیا ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک مخالف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کردار ادا کریں۔ ریاست کے مفادات کو ذات سے بالاتر رکھنا ہی حب الوطنی ہے۔‘