Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ: فرضی حج ادارے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر 4 غیرملکی گرفتار

ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ (فوٹو سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے فرضی حج ادارے کے لیے سوشل میڈیا پر اشتہاری مہم چلانے پر 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سیکیورٹی گشتی فورس نے سرحدی حفاظتی نظام کی خلاف ورزی کرنے والے 3 اور ایک یمن شہری کو گرفتار کیا ہے۔
 سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ یہ تمام لوگ فرضی حج خدمات کے بارے میں سوشل میڈیا پر اشتہاری مہم چلائے ہوئے تھے اور  اندرون مملکت غیرملکیوں کو حج کی خدمات کے گمراہ کن اشتہارات  پیش کررہے تھے۔
سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو گرفتار کرکے ان سے لیپ ٹاپ  اور دیگر چیزیں قبضے میں لے لی ہیں۔ سیکیورٹی فورس نے اس حوالے سے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو حراست میں لے کر ان  کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ دائر کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کردیا گیا ہے جہاں سے کیس عدالت کو بھیجا جائے گا۔
ادارہ امن عامہ نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اس قسم کے جعلی اداروں کے جھانسے میں نہ آئیں اور اس حوالے سے احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
 ادارہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے علم میں اس طرح کے ادارے آئیں تو وہ مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں ٹول فری نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں کے لیے 999 پر اس حوالے سے اطلاع دے سکتے ہیں۔
 

 

شیئر: