Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلگام حملہ: انڈیا نے آل پارٹی اجلاس بلا لیا، پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار کی طلبی

وزیراعظم نے جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا نے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے دو دن بعد آل پارٹی اجلاس بلایا ہے جبکہ نئی دہلی میں پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ انڈیا نے جمعرات کو نئی دہلی میں پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار کو طلب کیا۔
پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار کو دیے گئے احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مشن میں موجود تمام دفاعی مشیر ’پرسونا نان گریٹا‘ یعنی ایسے افراد ہیں جنہیں انڈیا خوش آمدید نہیں کہے گا اور انہیں ملک چھوڑنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے تاکہ انہیں حملے پر حکومت کے ردّعمل سے آگاہ کیا جا سکے۔
انڈیا کی حکومت نے بدھ کو پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور واہگہ اٹاری بارڈر بند کرنے سمیت کئی دیگر سخت فیصلوں کا اعلان کیا۔
بدھ کو انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے مختصر پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’آج وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں کمیٹی کو پہلگام میں ہونے والے حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وکرم مسری نے کہا کہ ’انڈیا اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن سے تین سروس ایڈوائزرز اور معاون عملے کے پانچ افراد کو واپس بلا رہا ہے۔ سفارت خانوں میں امدادی عملے کی تعداد 55 سے کم کر کے 30 کر دی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

شیئر: