وزارت داخلہ کی فرضی کمپنیوں کے خلاف مہم، جعلی حج پرمٹ سے خبردار
عازمین وزارت کے پلیٹ فارم ’نسک‘ کے ذریعے ہی بکنگ کرائیں (فوٹو: ایس پی اے)
وزارت داخلہ کی فرضی حج کمپنیوں اور جعلسازوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ وزارت نے حج پرمٹ کے حوالے سے جعلسازوں سے خبردار کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے مختلف شہروں میں سوشل میڈیا پر فرضی حج سروسز کے حوالے سے اشتہاری مہم چلانے والوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔
جعلسازوں کی جانب سے سادہ لوح افراد کو حج کرانے کا جھانسہ دیتے ہوئے انہیں مشاعر مقدسہ میں قیام اور حج قربانی و حج بدل کرنے کے بارے میں بھی غلط و نامناسب پیکیجز کی پیش کش کی جارہی ہے۔
جعلسازوں کی جانب سے عازمین کے لیے مخصوص کڑے فراہم کرنے کا بھی دعویٰ کیا جاتا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ حج کرنے کے خواہشمند وزارت کے پلیٹ فارم ’نسک‘ کے ذریعے ہی بکنگ کرائیں جبکہ حج پرمٹ کے لیے’منصبہ تصریح ‘ کو لانچ کیا گیا ہے۔
حج قربانی و صدقہ وغیرہ کےلیے مملکت کے ’الاضاحی‘ پروگرام کے ذریعے کوپن کی خریداری کی جا سکتی ہے۔
ٹول فری نمبر 920020193 مخصوص کیا گیا ہے جس پر رابطہ کر کے درست معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
