Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عزہ میں اسرائیلی حملے میں 51 ہلاکتیں، مرنے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 52 ہزار سے تجاوز کر گئی

عزہ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے 51 فلسطینیوں کی باقیات موصول ہوئیں، جس سے 18 ماہ طویل جنگ کے دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 52 ہزار 243 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق محکمہ صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مجموعی تعداد میں تقریباً 700 لاشیں بھی شامل ہیں جن کے حوالے سے حالیہ دنوں میں دستاویزی کارروائی مکمل کی گئی ہے۔
یومیہ ہلاکتوں میں وہ لاشیں بھی شامل ہیں جو پہلے کے حملوں کے ملبے سے نکالی گئی ہیں۔
اسرائیل نے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ جنگ بندی ختم کرتے ہوئے اچانک بمباری شروع کی تھی، اور تب سے روزانہ حملے جاری ہیں۔ زمینی افواج نے ایک بفر زون کو وسعت دی ہے اور جنوبی شہر رفح کا محاصرہ کر کے اس کے تقریباً 50 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
اسرائیل نے تقریباً 2 ملین فلسطینیوں پر مشتمل غزہ کی پٹی تک خوراک اور ادویات سمیت کوئی چیز گذشتہ 60 دنوں سے پہنچنے نہیں دے رہا ہے۔
 امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سامان جلد ختم ہو جائے گا اور ہزاروں بچے غذائی قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ دوبارہ حملے اور سخت ناکہ بندی کا مقصد حماس پر دباؤ ڈالنا ہے۔ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جب تک حماس کو تباہ یا غیر مسلح نہیں کر دیا جاتا، اور تمام یرغمالیوں کو واپس نہیں لایا جاتا، جنگ جاری رہے گی۔
حماس کا کہنا ہے کہ وہ باقی 59 یرغمالیوں کو صرف اس وقت رہا کرے گی جب فلسطینی قیدیوں کی رہائی، مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا عمل میں لایا جائے، جیسا کہ جنوری میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں طے ہوا تھا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی ہلاکتوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ وزارت کے مطابق جنگ میں اب تک ایک لاکھ 17 ہزار 600 سو افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک تقریباً 20,000 جنگجو مارے ہیں، تاہم اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے۔
اسرائیلی کارروائیوں نے غزہ کے وسیع علاقوں کو تباہ کر دیا ہے اور تقریباً 90 فیصد آبادی کو بے گھر کر دیا ہے، جن میں سے بیشتر خستہ حال خیمہ بستیوں یا بمباری سے متاثرہ عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

شیئر: