Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: مشرق وسطی میں مستقل امن کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور

کابینہ کو شاہ اردن اور انڈین وزیراعظم کے ساتھ بات چیت سے آگاہ کیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے مشرق وسطی میں مستقل بنیادوں پرقیام امن کے لیے بین الاقومی قراردادوں اور عرب امن اقدام کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔
کابینہ کا اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس کے آغاز میں ولی عہد مملکت نے اراکین کابینہ کو شاہ اردن اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔
کابینہ نے اس حوالے سے سعودی، انڈین مشترکہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے نتائج اور دونوں دوست ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو سراہا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا ’اراکین کابینہ نےعلاقائی اور عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی خوشحالی اور فروغ امن کے حوالےسے درپیش چلیجنز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طورپر کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔‘
اجلاس نےزوردیا کہ ’مشرق وسطی کا امن اس بات کا متقاضی ہے کہ عالمی قراردادوں کے مطابق آزاد ریاست فلسطین کا قیام عمل میں لایا جائے جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق اور اس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔‘

کابینہ نے سعودی وژن 2030 کی کابیابیوں  کے حوالے سے سرکاری اداروں کی کوششوں کو سراہا (فوٹو: ایس پی اے)

کابینہ نے جمہوریہ شام اقتصادی بہتری کے لیے مملکت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے یقین دہانی کی کہ برادر ملک اور اسکے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کی جانے والی کوششیں جاری رہیں گی۔
مقامی سطح پر کونسل نے سعودی عرب کے وژن 2030 کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اس بات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ وژن کے اجرا کے 9 برسوں میں متعین کردہ اقدامات اور اہداف کو بہت حد تک حاصل کر لیا گیا۔
کابینہ نے سعودی وژن 2030 کی کابیابیوں  کے حوالے سے سرکاری اداروں کی کوششوں کو سراہا۔ وژن 2030 اپنے اہم اہداف کے حصول کے قریب ہے۔
کونسل نے ولی عہد کی جانب سے ضرورت مند شہریوں کےلیے ہاوسنگ سکیم میں ایک ارب ریال کے عطیے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اسے عوام کےلیے بہترین عمل قرار دیا۔
اراکین  نے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کرنے کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں ایجنڈے میں موجود نکات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔    

 

شیئر: