Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا

بیشہ گورنریٹ میں سب سے زیادہ بارش 27.6 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے متعدد علاقوں میں منگل تک موسلا دھار بارش سے خبردار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ’مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے تیز بارش کا امکان ظاہر کیا، ہوائیں بھی چلیں گی۔ ریاض ریجن میں بھی درمیانے درجے سے تیز بارش کی توقع ہے۔‘
شہری دفاع نے شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیراختیارکرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
 اخبار 24 کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عسیر ریجن کے بیشہ گورنریٹ میں سب سے زیادہ اوسط بارش تبالہ سٹیشن میں 27.6 ملی میٹر اور ابھا کے شعار مرکز میں 2.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
16 ہائیڈرولوجیکل اور کلائمیٹ سٹیشنوں نے 6 علاقوں میں بارش ریکارڈ کی جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، عسیر، حائل اور الباحہ شامل ہیں۔
مکہ ریجن میں طائف کے قایا سٹیشن نے 3.3 ملی میٹر، مدینہ منورہ ریجن کے مھد الدھب سٹیشن نے 2.2 ملی میٹر، القصیم ریجن میں 1.2 ملی میٹر، حائل ریجن میں 1.4 ملی میٹر، الباحہ ریجن 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے مملکت کے مشرقی ریجن میں سنیچر سے پیر تک درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
 موسمیاتی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل کا کہنا ہے  مشرقی ریجن گرمی کی شدت سے متاثر ہوگا جہاں درجہ حرارت  46 سینٹی گریڈ  تک پہنچنے کا امکان ہے۔
 

 

شیئر: