Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سدایا کا یونیورسٹیوں میں مصنوعی ذہانت کے سال کے لیے انیشیٹیو کا آغاز

سعودی عرب نے 2026 کو مصنوعی ذہانت کا سال قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی نے مصنوعی ذہانت کے سال  کے عنوان سے ایک خصوصی انیشیٹیو کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہی پھیلانا، ان کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا اور قومی سطح پر مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں کو ترقی دینا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ منصوبہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے تعاون سے چلایا جائے گا جس میں سیمینارز، پینل مباحثے، ورکشاپس اور مشاورت شامل ہوں گی۔
اتھارٹی نے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی خیالات کو ایسے جدید حل میں بدلنے میں مدد کرے گا جو مملکت کی ڈیجیٹل تبدیلی کو سہارا دیں اور ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت میں اس کی عالمی قیادت کو مضبوط بنائیں جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں سائبر سکیورٹی کے پروفیسر محمد خرم خان نے کہا کہ ’2026 کو مصنوعی ذہانت کا سال قرار دینا ایک عالمی سطح پر مقابلے اور علم پر مبنی معیشت بننے کے سعودی عرب کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ وژن 2030 کے تحت اقتصادی تنوع، تکنیکی پیشرفت اور پائیدار ڈیویلپمنٹ کے محرک کے طور پر مصنوعی ذہانت کو استعمال کرنے کے لیے مملکت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سپیشلائزڈ تعلیم، تحقیق کے مواقع، باہمی تعاون اور مصنوعی ذہانت  کی عملی تربیت کے ذریعے انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔‘
سعودی عرب نے 2026 کو مصنوعی ذہانت کا سال قرار دیا ہے جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے لیے عالمی مرکز کے طور پر مملکت کے ابھرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
سعودی عرب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی عالمی شراکت داری میں شامل ہونے والا پہلا عرب ملک تھا اور ستمبر میں یہ مصنوعی ذہانت کے اخلاقیات پر یونیسکو کے عالمی فورم کی میزبانی کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

 

شیئر: