Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے: شاہد آفریدی

تقریب سے ندا ڈار، سہیل خان، عمر لودھی اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا (فوٹو: اُردو نیوز)
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب سعودی کرکٹ ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی کے بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے سعودی عرب میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر سے شائقین کو بھی اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
سعودی عرب کے شہر الخبر میں انٹرنیشنل سپورٹس اکیڈمی کی سی ای او مریم عمر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، فاسٹ بولر سہیل خان اور ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستانی صحافیوں اور کمیونٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے بوم بوم شاہد آفریدی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جبکہ یہاں مقیم ہزاروں پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو قابلِ تحسین ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ الخبر میں انٹرنیشنل سپورٹس اکیڈمی کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے جو سکول کی سطح سے ہی بچوں کو کرکٹ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان کی فٹنس بہتر بنانے اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس اقدام سے سعودی عرب میں مستقبل کے بہترین کرکٹرز سامنے آئیں گے۔
سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے مملکت میں کرکٹ کے کھیل کو مزید تیزی سے فروغ ملے گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ الخبر میں انٹرنیشنل سپورٹس اکیڈمی کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے (فائل فوٹو)

انٹرنیشنل سپورٹس اکیڈمی کی سی ای او مریم عمر نے کہا کہ اکیڈمی کا مقصد سکول اور کالج کی سطح پر بچوں کو بین الاقوامی معیار کی کرکٹ سیکھنے اور کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ جس طرح پاکستانی شہری دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اسی طرح سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچے اور نوجوان بھی کرکٹ کے میدان میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔
تقریب سے ندا ڈار، سہیل خان، عمر لودھی اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے سعودی قیادت اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے کرکٹ کے فروغ اور سرپرستی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں سعودی عرب میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

 

شیئر: