Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعتماد کی طاقت: بینائی سے محروم سعودی مہم جو ایورسٹ بیس کیمپ پہنچ گیا

رشاد نقیب نے کہا کہ ’ایورسٹ بیس کیمپ پہنچنا ایک غیر معمولی تجربہ تھا‘ (فوٹو: عرب نیوز)
نو دنوں تک رشاد نقیب نے ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کو عبور کرتے ہوئے پتھریلے راستوں، برفیلی راہوں اور ڈھلوانوں کا سامنا کیا جہاں ہر قدم صبر، برداشت اور اعتماد کا تقاضا کرتا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اس کے بعد وہ نیپال میں 5364 میٹر کی بلندی پر واقع ایورسٹ بیس کیمپ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جسے بینائی سے محروم کسی بھی سعودی شہری کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی تاریخی کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔
رشاد نقیب نے سعودی ایڈونچرر ڈاکٹر بدر الشیبانی کے ساتھ مل کر ہمالیہ کے دور دراز دیہاتوں اور سخت پہاڑی راستوں کا مشکل سفر طے کیا۔ اس دوران انہوں نے جما دینے والی سردی، آکسیجن کی کمی اور غیر یقینی راستوں جیسے چیلنجز پر قابو پایا۔
آگے کا راستہ دیکھنے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنی دیگر حسوں بالخصوص لمس کے احساس، ڈاکٹر الشیبانی اور پیشہ ورانہ گائیڈز کی ٹیم پر اعتماد کیا۔ ان سب نے مل کر دنیا کے مشہور ترین راستوں میں سے ایک پر پیش قدمی کی اور مسلسل اپنی منزل کی طرف بڑھتے رہے۔
ڈاکٹر الشیبانی، جو اس سے قبل بھی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں، نے پورے سفر کے دوران مسلسل رہنمائی فراہم کی اور نقیب کو بلندی اور مشکل راستے کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دی۔ بیس کیمپ پہنچ کر انہوں نے سعودی پرچم لہرایا جو اس سفر کے اختتام کی علامت تھا جس نے جسمانی برداشت اور ذہنی مضبوطی دونوں کا امتحان لیا۔
رشاد نقیب نے کہا کہ ’ایورسٹ بیس کیمپ پہنچنا ایک غیر معمولی تجربہ تھا۔ مشکل راستوں اور شدید بلندی کے باوجود گائیڈز پر ان کے اعتماد نے انہیں وہ تحفظ فراہم کیا جس کی بدولت وہ ہر قدم پر توجہ مرکوز رکھ سکے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی دیگر لوگوں کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کی ترغیب دے گی، چاہے ان کے سامنے کتنی ہی مشکلات کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ چاہتے ہیں کہ یہ تجربہ ہر پرعزم نوجوان کو یہ حوصلہ دے کہ وہ معذوری کو اپنی منزل کے راستے میں رکاوٹ نہ بننے دے۔‘

رشاد نقیب کے لیے یہ کامیابی بہترین تیاری، باہمی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے (فوٹو: عرب نیوز)

ڈاکٹر الشیبانی کے لیے بھی یہ مہم معذور افراد کے لیے ایڈونچر اور سیاحت کے مواقع بڑھانے کا ایک ذریعہ تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ’انہوں نے یہ سفر اس لیے کیا کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جب پختہ ارادہ، مناسب ماحول اور صحیح منصوبہ بندی موجود ہو تو ایڈوینچر ہر کسی کی پہنچ میں ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ رہنمائی کی ذمہ داری ان کی تھی لیکن منزل تک پہنچنے کے پیچھے اصل طاقت رشاد کا پختہ ارادہ اور ڈسپلن تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ سعودی نوجوانوں اور معذور افراد کو کھیل اور ایڈوینچر کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس اقدام کے ذریعے ہمارا مقصد سعودی نوجوانوں کے لیے نئے افق کھولنا اور یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ مشکل ترین چیلنجز کا مقابلہ کر کے ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔‘

ڈاکٹر الشیبانی کے لیے بھی یہ مہم معذور افراد کے لیے ایڈونچر اور سیاحت کے مواقع بڑھانے کا ایک ذریعہ تھی (فوٹو: عرب نیوز)

یہ مہم وژن 2030 کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے اہداف کے مطابق معذور افراد کے لیے مواقع بڑھانے اور کھیلوں میں ان کی شرکت کو فروغ دینے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
اس انسانی اور تحقیقی سفر پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم تیار کی جا رہی ہے جسے 2027 میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
رشاد نقیب کے لیے یہ کامیابی بہترین تیاری، باہمی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے جبکہ دوسروں کے لیے یہ ایک یاد دہانی ہے کہ دنیا کے مشکل ترین راستے بھی ایک ایک قدم اٹھا کر طے کیے جا سکتے ہیں۔

 

شیئر: