مشہور انڈین کرکٹ سٹار وراٹ کوہلی جمعے کو اس وقت انٹرنیٹ پر توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے اداکارہ اونیت کور کے ایک فین پیج کی پوسٹ لائک کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پیج اونیت کور کا آفیشل انسٹاگرام پیج نہیں تھا۔
مزید پڑھیں
-
انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی اپنے دن کا آغاز کیسے کرتے ہیں؟Node ID: 888249
-
شاہ رخ خان نے وراٹ کوہلی کو ’بالی وُڈ کا داماد‘ کیوں کہا؟Node ID: 888400
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جیسے ہی وراٹ کوہلی کے لائک کا سکرین شاٹ وائرل ہوا تو انٹرنیٹ پر میمز کا سیلاب آ گیا تاہم کرکٹر نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسٹاگرام ایلگورتھم کی وجہ سے غلطی سے پوسٹ لائک ہوئی۔
دوسری جانب کئی لوگ جو بالی وُڈ شخصیات کو نہیں جانتے وہ پوچھ رہے ہیں کہ یہ اونیت کور کون ہیں؟
اونیت کور کون ہیں؟
اونیت کور سنہ 2001 میں جالندھر کے ایک سکھ خاندان میں پیدا ہوئیں۔ بچپن میں ہی وہ ممبئی منتقل ہو گئیں تھیں اور انہوں نے صرف آٹھ برس کی عمر سے شوبز میں پرفارم کرنا شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے زی ٹی وی کے ڈانس شو ’ڈانس انڈیا ڈانس لِٹل ماسٹرز‘ سے کیریئر کا آغاز کیا جبکہ بطور اداکارہ انہوں نے سنہ 2102 میں ڈرامہ ’میری ماں‘ سے اداکاری شروع کی۔
بعد ازاں وہ متعدد ٹی وی شوز اور ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
ایونیت کور نے فلمی دنیا میں سنہ 2014 میں رانی مکھرجی کی فلم ’مردانی‘ سے قدم رکھا، اس کے بعد ’قریب قریب سنگل‘ اور ’مردانی ٹو‘ میں مختصر کرداروں کے بعد اوینیٹ نے فلم ’ٹیکو ویڈز شیرو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔
وہ ’چڑیاخانہ‘ اور ’لو کی ارینج میرج‘ جیسی فلموں میں بھی نظر آ چکی ہیں۔
گزشتہ برس 2024 میں اونیت کور نے اس وقت سب کو حیران کر دیا تھا جب انہوں نے ہالی وڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔
انسٹاگرام پر اونیت کور تین کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انڈین شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد اداکار الو ارجن، تمنا بھاٹیہ، جھانوی کپور، اننیا پانڈے اور پوجا ہیگڑے جیسی سلیبریٹیز سے بھی زیادہ ہے۔
وراٹ کوہلی نے پوسٹ کیوں لائک کی؟
جمعے کو کئی انسٹاگرام پیجز نے وراٹ کوہلی کے لائک کا سکرین شاٹ شیئر کیا جو کہ اونیت کور کے ایک فین پیج کی پوسٹ پر تھا۔
اگرچہ بعد میں انہوں نے اس پوسٹ کو ان لائک کر دیا مگر یہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔ بالآخر کوہلی نے انسٹاگرام سٹوری پر وضاحت جاری کرتے ہوئے افواہوں کی تردید کرنے کی کوشش کی۔
کرکٹر نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی فیڈ صاف کر رہا تھا، تو ایسا لگتا ہے کہ الگورتھم کی وجہ سے غلطی سے ایک لائک ہو گیا، اس کے پیچھے کوئی ارادہ نہیں تھا، میں گزارش کرتا ہوں کہ غیرضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، آپ کے تعاون کا شکریہ۔‘