حج سکیورٹی فورسز نے سعودی شہری اور اس کے شریک کار یمنی کو حراست میں لے لیا جنہوں نے بیرون مملکت سے بزنس وزٹ ویزے جاری کیے جس پر آنے والوں کو حج کرانے کا جھانسہ دیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہناکہ’ ان افراد کو حج پرمٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
حج ضوابط کی خلاف ورزی، وزٹ ویزے پر آنے والے 42 غیرملکی گرفتارNode ID: 889239
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں ایک انڈونیشی کو حج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گمراہ کن اشتہارات کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
ملزم نے سوشل میڈیا پر ایسے اشتہارات پوسٹ کیے تھے جن میں یہ ظاہرکیا جارہا تھا کہ ان کا ادارہ مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو حج ادا کرنے کی جملہ سہولت فراہم کرتا ہے جس میں مشاعر مقدسہ میں قیام، طعام اور ٹرانسپورٹیشن شامل ہے۔
ادارہ امن عامہ نے گمراہ کن اشتہار کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کی کوشش کرنے پر انڈونیشی کو حراست میں لے کر اس کے خلاف جعل سازی اور دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کردیا۔
واضح رہے ادارہ امن عامہ کی جانب سے حج پرمٹ کے بغیر مشاعر مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کی ہے۔
امن عامہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پر آنے والے حج ادا نہیں کرسکتے۔
جو افراد اپنے ادارے یا ذاتی حیثیت میں بیرون مملکت سے وزٹ ویزے پر کسی کو بلا کر اسے حج کرانے کی کوشش کرتا ہوا پکڑا گیا اس پر فی شخص ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔