Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کی غیرملکی سفیروں کو بریفنگ، ’عالمی برادری انڈیا کو جوابدہ ٹھہرائے‘

پاکستان کے ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر انڈیا ک حملوں کے حوالے سے اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو بریفنگ دی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ’اسحاق ڈار نے انڈین جارحیت کی شدید مذمت کی، جس میں نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈال دیا گیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈین اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور بین الحکومتی تعلقات کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اسحاق ڈار نے دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے انڈین دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے حوالے سے پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ اعتبار ثبوت موجود نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے نشاندہی کی کہ انڈین قیادت نے ایک بار پھر دہشت گردی کے مفروضہ کو استعمال کرتے ہوئے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کا جعلی بیانیہ اپنانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ انڈیا نے بین الاقوامی برادری کی بارہا دی جانے والی پرامن رہنے اور کشیدگی کم کرنے کی اپیلوں کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انڈیا کو اس کے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک رویے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

انڈیا کی غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ

 دوسری جانب انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے بھی نئی دہلی میں غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ دی۔
وکرم مصری نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے کے بعد انڈیا کا کل کا جواب ہدفی، نپا تُلا اور غیر اشتعال انگیز تھا۔
انڈین وزارت خارجہ کے مطابق اس آپریشن کے حوالے سے اقوام متحدہ میں انڈین مشن نیویارک میں سلامتی کونسل کے ارکان سے رابطہ کرے گا۔

شیئر: