نائب گورنر مکہ کی حج کمیٹی اجلاس کی صدارت ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
اجلاس میں مشاعر مقدسہ کے ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
گورنر مکہ مکرمہ اور حج کمیٹی کے سربراہ اورشاہی مشیر شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے حج تیاریوں کے حوالے سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔
سعودی خبررساں ادارے’ایس پی اے‘ کے مطابق نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے حج کمیٹی کے ارکین اور مختلف اداروں کے ذمہ داروں سے حج سیزن کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
نائب گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل کو متعلقہ اداروں کی جانب سے رواں برس حج 2025 کے لیے مشاعر مقدسہ (وادی منی، مزدلفہ اور میدان عرفات) میں کیے گئے ترقیاتی امور کے بارے میں تفصیلی طورپر مطلع کیا گیا۔
ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے حج کمیٹی کی رپورٹ اور مشاعر مقدسہ میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں حج سیزن کے حوالے سے دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔