پیرس کی سیاحت پر سعودیوں نے گزشتہ برس کتنے ملین ریال خرچ کیے ؟
گزشتہ برس سیاحت کی غرض سے 94 ہزار سعودی پیرس گئے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
فرانسیسی سیاحتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس پیرس آنے والے خلیجی ممالک کے سیاحوں نے مجموعی طورپر 1.8 ارب ریال خرچ کیے جن میں 30 فیصد حصہ سعودیوں کا رہا۔
سبق نیوز کے مطابق سال 2024 میں پیرس جانے والے سعودی سیاحوں کی تعداد 95 ہزار رہی جنہوں نے 4 لاکھ 72 ہزار نائٹس اسٹے کیا۔
فرانسیسی سیاحتی کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں مزید کہا گیا ہے کہ پیرس آنے والے سعودی سیاحوں نے مجموعی طورپر 1 لاکھ 37 ملین یورو (تقریبا 600 ملین ریال ) ایک دن میں اوسطا 291 یورو خرچ کیے جوکہ سال 2023 کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق 51 فیصد سعودی اپنے اہل و عیال کے ساتھ پیرس کی سیر کے لیے گئے جن میں سے 79 فیصد نے لکژری ہوٹلز میں رہائش اختیار کی جبکہ باقی سیاحوں نے تین اور دو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کو ترجیح دی۔
پیرس کی سیر کے لیے 67 فیصد سعودی سیاحوں نے پرائیوٹ ٹیکسی جبکہ 31 فیصد نے میٹرو اور ٹرام کا استعمال کیا جبکہ 91 فیصد سعودی میوزیم اور دیگر مقامات پر گئے جبکہ 51 فیصد نے اپنا بیشتر وقت خریداری میں گزارا۔