’جسٹس مشن 2025‘: چین کی تائیوان کے گرد بڑی فوجی مشقیں، تائیوان کی فوج ہائی الرٹ پر
’جسٹس مشن 2025‘: چین کی تائیوان کے گرد بڑی فوجی مشقیں، تائیوان کی فوج ہائی الرٹ پر
پیر 29 دسمبر 2025 19:19
چین نے پیر کو تائیوان کے گرد اپنی سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دیں، جنہیں ’جسٹس مشن 2025‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد جزیرے کو بیرونی مدد سے کاٹنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا اور تائیوان کے دفاعی عزم کو پرکھنا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین نے فوجی دستے، جنگی جہاز، لڑاکا طیارے اور توپیں تعینات کی ہیں تاکہ براہِ راست فائرنگ، فرضی حملے اور بندرگاہوں کو بلاک کرنے کی مشقیں کی جا سکیں۔
چین کی میری ٹائم سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ مشقیں سات زونز میں جاری رہیں گی جو اب تک کی سب سے بڑی مشقیں ہیں اور تائیوان کے قریب ترین علاقوں میں ہو رہی ہیں۔
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ پیر کو ایک اضافی دو گھنٹے کی مشق بغیر کسی اعلان کے مشرقی پانیوں میں ہوئی۔ ان مشقوں کے باعث منگل کو ایک لاکھ سے زائد بین الاقوامی پروازوں کے مسافر متاثر ہوں گے جبکہ قریباً 80 مقامی پروازیں منسوخ کی جائیں گی۔
یہ چین کی 2022 کے بعد چھٹی بڑی مشق ہے جو اس وقت شروع ہوئی جب امریکہ نے تائیوان کو 11.1 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کا اعلان کیا جو اب تک کا سب سے بڑا پیکج ہے۔ چین نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے سخت اقدامات کی دھمکی دی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں معمول کی تربیت اور ممکنہ حملے کی تیاری کے درمیان فرق کو دھندلا رہی ہیں تاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو کم سے کم وقت میں حملے کی اطلاع ملے۔
چینی فوج نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں جدید ٹیکنالوجی، بشمول خودکار روبوٹ، ڈرونز اور ہتھیاروں سے لیس روبوٹک کتے دکھائے گئے۔ تائیوان نے ان مشقوں کی مذمت کی اور اپنی دفاعی تیاریوں کو بڑھا دیا ہے۔
چین کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ پیر کو 89 چینی فوجی طیارے، 14 جنگی جہاز اور 14 کوسٹ گارڈ کشتیاں جزیرے کے گرد سرگرم تھیں جبکہ چار اضافی جنگی جہاز مغربی بحرالکاہل میں دیکھے گئے۔
تائیوان کی فوج ہائی الرٹ پر ہے اور ’تیز ردعمل کی مشقیں‘ کر رہی ہے تاکہ اگر مشقیں حملے میں بدل جائیں تو فوراً کارروائی کی جا سکے۔
جزیرے کے کوسٹ گارڈ نے بھی بڑے جہاز تعینات کیے ہیں تاکہ چینی جہازوں کا مقابلہ کیا جا سکے اور مشقوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں خطے میں کشیدگی بڑھا رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
چینی ریاستی میڈیا کے مطابق مشقوں کا مقصد تائیوان کی اہم بندرگاہوں، بشمول کیلونگ اور کاوشیونگ کو بند کرنا ہے۔
پروپیگنڈا پوسٹرز میں جزیرے کے مختلف مقامات پر نشانے لگے دکھائے گئے ہیں، جبکہ ایک گرافک میں جہازوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر حملے میں استعمال ہو سکتے ہیں۔
تائیوان کی سٹاک مارکیٹ پر کوئی اثر نہیں پڑا اور وہ 0.9 فیصد اوپر بند ہوئی۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں خطے میں کشیدگی بڑھا رہی ہیں اور عالمی برادری کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کر سکتی ہیں۔