اہم نکات:
-
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، مارکیٹ میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
-
جنگ بندی پر عملدرآمد: پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان آج رابطہ ہوگا
-
پاکستان سندھ طاس معاہدے، مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی کی روک تھام کو ترجیح دے گا: وزیر دفاع
-
اسلام آباد: عدالت کا تعلیمی اداروں میں طلبا کو براہ راست اشیا کی ڈیلیوری روکنے کا حکم
مسلح افواج نے انڈیا کا غرور خاک میں ملا دیا، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ انڈیا نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور اور بروقت جواب دیا۔
پی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ ’پاکستان کی فضائیہ نے انڈیا کے پانچ طیارے گرا کر مودی کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ جس کے نتیجے میں بھارت کی چیخیں واشنگٹن تک سنی گئیں۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔‘
آرمی چیف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، زخمیوں کی عیادت
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے پیر کو راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل (سی ایم ایچ) میں انڈیا کے ساتھ معرکہ حق میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران نے زخمی سپائیوں سے انفرادی طور پر ملاقات کی، ان کی غیرمعمولی بہادری اور ڈیوٹی کے لیے ثابت قدمی کی تعریف کی، اور ان کی مسلسل دیکھ بھال، بحالی اور بہبود کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے شہریوں اور فوجیوں کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر فرد کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کرد گروپ ’پی کے کے‘ کی تحلیل کے اعلان کا خیرمقدم
پاکستان نے کردوں کے گروپ ’پی کے کے‘ کی تحلیل کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دہشت سے پاک ترکیہ اور پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’یہ تاریخی پیش رفت ترکیہ کی قیادت رجب طیب اردوگان اور ترک قوم کے مفاہمت، اتحاد اور استحکام کی طرف گامزن رہنے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان اور ترکیہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔‘
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، مارکیٹ میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے بعد کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 9 ہزار 475 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
ایک ہی دن میں اتنے زیادہ اضافے کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 16 ہزار 650 پوائنٹس پر روک دی گئی۔ ٹریڈنگ کو وقتی طور پر روک دیا گیا تھا اور ساڑھے گیارہ بجے دوباہ آغاز کیا گیا۔
جمعے کو مارکیٹ 3 ہزار 647 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ سات ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
اسلام آباد: عدالت کا تعلیمی اداروں میں طلبا کو براہ راست اشیا کی ڈیلیوری روکنے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں طلبا کو براہ راست اشیا کی ڈیلیوری روکنے کا حکم دیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام، آگاہی کیلئے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی درخواست
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ ’طلبا کو براہ راست ڈیلیوریز روکیں، جو سکول کالج عملدرآمد نہیں کرتا اس کے خلاف کارروائی کریں۔‘
جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ کوریئر اور ڈلیوری والوں کے ذریعے سکولوں کالجوں میں منشیات پہنچتی ہیں، چیک کر کے بتائیں کہ کن کن سکولوں کالجوں میں کیا کیا ڈلیوریز آتی ہیں۔
پاکستان سندھ طاس معاہدے، مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی کی روک تھام کو ترجیح دے گا: وزیر دفاع
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر انڈیا کے ساتھ مذاکرات ہوئے تو پاکستان سندھ طاس معاہدے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور دہشت گردی کی روک تھام کو ترجیح دے گا۔
انہوں نے یہ بات جیو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انڈیا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کاعالمی سطح پر اعتراف اور انہیں سراہا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا کے پالیسی سازوں کو پاکستان کے بھرپور ردعمل کی روشنی میں اپنی پالیسیوں کا ازسرنوجائزہ لینا ہوگا۔
جنگ بندی پر عملدرآمد: پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان آج رابطہ ہوگا
پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان آج رابطہ متوقع ہے۔
سنیچر کو انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان 12 مئی کو دن 12 بجے دوبارہ بات ہوگی۔
سنیچر کو تین بج کر 35 منٹ پر پاکستان او انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان بات ہوئی تھی۔
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ کی حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ میں شرکت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان لڑائی کے دوران جان سے گزرنے والے حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے حوالدار محمد نوید کے جسد خاکی کو سلامی دی اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’شہید حوالدار محمد نوید نے بزدل دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں حوالدار محمد نوید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوٹلی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق سے ملاقات کی جس میں بریگیڈ کمانڈر برگیڈیئر سمیع اللہ بھی موجود تھے۔
پی ٹی وی کے مطابق مصطفیٰ کمال نے برگیڈ کمانڈر کو انڈیا کے خلاف شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ’افواج پاکستان نے ہر شعبے میں بزدل دشمن کو دندان شکن جواب دے کر ان کا غرور خاک میں ملا دیا۔‘
وفاقی وزیر صحت نے کوٹلی کے دورے کے دوران علاقے کی صحت عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔