Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راس الخیمہ میں ٹریفک تنازع پر فائرنگ، تین خواتین ہلاک، مشتبہ ملزم گرفتار

فائرنگ کی اطلاع پر پانچ منٹ کے اندر خصوصی ٹیمیں موقع پر پہنچیں (فوٹو: خلیج ٹائمز)
متحدہ عرب امارت میں راس الخیمہ میں ٹریفک تنازع پر فائرنگ سے تین خواتین ہلاک ہوگئیں، پولیس نے ایک مشتبہ ملزم کو حراست میں لیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق راس الخیمہ میں ایک تنگ راستے سے گاڑی کے گزرنے کی کوشش پر جھگڑا ہوا جس پر ایک عرب شہری نے فائرنگ کردی۔
پولیس نے بیان میں کہا کہ ’راس الخیمہ کے ایک علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پانچ منٹ کے اندر خصوصی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔‘
تین خواتین کو گولی ماری گئی تھی، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک تنگ گلی میں  گاڑی کے دائیں طرف جانے کے تنازع پر بات زبانی تکرار سے بڑھ گئی۔ اس دوران ملزم نے آتشیں اسلحے کا استعمال کیا اور خواتین پر فائرنگ کردی۔
راس الخیمہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے واقعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ ضبط کرلیا۔
متعلقہ حکام نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرکے کیس پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا ہے۔
پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں  پر زور دیا کہ’ وہ ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور روزمرہ کے تنازعات کو بڑھانے سے گریز کریں۔‘
’ معاشرے کی سلامتی اور سیعفٹی کو خطرے میں ڈالنے والے ہر شخص کے خلاف قانون کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا۔‘

 

شیئر: