Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور ٹرمپ کی سرمایہ کاری فورم میں شرکت، نمائش کا دورہ کیا

فورم  کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ریاض میں سعودی، امریکی سرمایہ کاری فورم میں شرکت کی ہے۔
سعودی امریکی سرمایہ کاری فورم صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔ 
امریکی صدر فورم میں شرکت کے لیے پہنچے تو سعودی ولی عہد نے ان کا خیرمقدم کیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ فورم کے موقع پر نمائش کا بھی دورہ کیا۔
انہیں کنگ سلمان پارک، بحیرہ احمر پروجیکٹ کے علاوہ  آرامکو  اور الدرعیہ ہولڈنگ کمپنی کے سی ای اوز نے  پریزنٹیشن دی۔
امریکی صدر نے 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کےلیے سعودی عرب کے سٹیڈیمز کے ماڈل بھی دیکھے۔
فورم کی افتتاحی تقریب سے سعودی وزیرسرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح نے خطاب کیا۔
سعودی وزیرسرمایہ کاری نے فورم میں شریک سعودی اور امریکی وفود کی سطح اور تعداد کو سراہا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور نجی شعبوں کی جانب سے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا مظہر ہے۔
 انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان 90 سال سے زائد عرصے پر محیط تعلقات باہمی اعتماد، شراکت اور احترام پر مبنی ہیں جن کا مقصد باہمی مفادات اور معاشی فوائد کا حصول ہے۔
انجینئرخالد الفالح نےسعودی وژن 2030 کی 2024 کی سالانہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وژن اور اس کے مختلف پروگراموں نے قومی معیشت کے تنوع اور پائیداری کے اہداف کے حصول میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔‘
’ اس وژن کے تحت روایتی اور قابل تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی و صنعت، مصنوعی ذہانت، سیاحت، صحت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، لاجسٹکس اور سپلائی چین سمیت کئی اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’دنیا اس وقت تیز رفتار تبدیلیوں، اقتصادی اتار چڑھاؤ اور تکنیکی ترقی کے دور سے گزر رہی ہے، جو عالمی معیشت کی نئی سمت کا تعین کرے گی۔‘
’ یہ حالات سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت کو مزید وسعت دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور اس امر کو اجاگر کرتے ہیں کہ مضبوط، دیرپا شراکت داری دونوں ممالک کے مفادات کے لیے کتنی ضروری ہے‘۔

شیئر: