Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ، امریکی سربراہی اجلاس، کن اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے

سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولیعہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاض کے الیمامہ پیلس میں سعودی، امریکی سربراہی اجلاس کی صدارت کی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس کے آغاز میں سعودی عرب اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں دوست ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں سٹراٹیجک شراکت داری کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی حالات میں ہونے والی پیش رفت، مشترکہ دلچسپی کے امور، مسائل کے حل اور سلامتی و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد اور امریکی صدر نے مملکت اور امریکہ کے مابین سٹرٹیجک اقتصادی  شراکت داری کے دستاویز پر دستخط کیے۔
سعودی وزارت توانائی اورامریکی وزارت کے ساتھ توانائی کے میدان میں ہونے والے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز جبکہ امریکی وزیر توانائی کریس رایٹ نے دستخط کیے۔
سعودی وزارت دفاع اور امریکہ کے محکمہ دفاع کے مابین مستقبل کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مفاہمتی یادداشت پراتفاق کیا گیا جس پرسعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز جبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے دستخط کیے۔
سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل اور امریکہ کے محکمہ توانائی کے درمیان کان کنی و معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کی دستاویز تیار کی گئی۔
دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ’لیٹر آف انٹینٹ‘ پر دستخط کیے گئے جن میں وزارت نشینل گارڈ کے زمینی و فضائی نظام کے لیے تربیتی عمل ، نظام کی جدت، گولہ بارود کے استعمال کے حوالے سے جدید خطوط پر تربیت کی فراہمی، سپیئرپارٹس اور تعلیم سے متعلق تجاویز شامل تھیں۔
سعودی وزارت داخلہ اور امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن(ایف بی آئی) کے مابین مفاہمتی یادداشت تیار کی گئی۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک کی وزارت دفاع کے مابین سعودی مسلح افواج کے صحت کے حوالے سے بھی لیٹر آف انٹینٹ تیار کیا گیا۔
مملکت کی وزارت انصاف اور امریکی محکمہ انصاف کے مابین عدالتی تعاون کے حوالے سے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
سعودی خلائی ایجنسی اور امریکی ایروناٹکس اینڈ سپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے درمیان موسمی حالات کی نگرانی کے لیے ’کیوپ سیٹ‘ پروجیکٹ کے تعاون پر معاہدہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے کسٹم کے معاملات میں تعاون کا معاہدہ کیا گیا علاوہ ازیں دوطرفہ فضائی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے پروٹوکول میں ترمیم کے معاہدے کیے گئے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ریسرچ اور امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز کے مابین متعدی بیماریوں سے متعلق طبی تحقیق کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تحفظ ماحولیات کے حوالے سے رائل کمیشن برائے العلا اور امریکی ادارے برائے تحفظ جنگلی حیات ’سمتھسونین انسٹی ٹیوشن‘ کے مابین میوزیم اور جنگلی حیات کے حوالے سے بھی تعاون کے معاہدے ہوئے۔

شیئر: