Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حکام کی گھریلو طبی آلات کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی مہم

اتھارٹی نے لائسنس ہولڈر سپلائرز سے طبی آلات خریدنے پر زور دیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے مملکت میں ڈیجیٹل آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ عوام کو ان طبی آلات کے محفوظ اور مناسب استعمال کی تربیت دی جا سکے جو گھروں میں استعمال ہوتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اتھارٹی کا مقصد کمیونٹی کے مختلف حصوں تک رسائی حاصل کرکے انھیں آگاہی کے ضروری پیغامات اور عملی رہنمائی دینی ہے تاکہ گھروں میں حفظانِ صحت میں اضافہ کیا جا سکے۔
اتھارٹی نے صرف ان سپلائرز سے طبی آلات خریدنے پر زور دیا ہے جن کے پاس سرکاری لائسنس ہو اور جو ان ڈیوائسز کے درست ہونے کی ضمانت دیتے ہوں۔
لائسنس رکھنے والے سپلائر، طبی آلات کی فروخت کے بعد مختلف خدمات بھی فراہم کرتے ہیں جن میں ان ڈیوائسز کی ضروری دیکھ بھال شامل ہے۔
اتھارٹی نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ تصدیق کر لیں کہ وہ جو بھی  میڈیکل ڈیوائس خرید رہے ہیں اس کے لیے ضروری لائسنس اور اسے مارکیٹ میں لانے کا  باضابطہ اجازت نامہ موجود ہے یا نہیں۔
چونکہ مملکت میں طبی آلات اور میڈیکل سپلائی کے کئی آپشن موجود ہیں، اتھارٹی نے ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے کوالیفائیڈ افراد سے مشورے کے بعد ہی انفرادی ضرورت کے طبی آلات خریدیں۔
 یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ خریدے گئے آلات کے استعمال پر نظرِ ثانی کی اہمیت سے غافل نہ ہوں اور طبی اشیا خریدنے سے قبل ضروری تربیت حاصل کریں۔
مملکت میں طبی آلات اور سپلائی خریدنے کی عمومی حفاظتی رہنمائی کے مطابق اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ آلات کے استعمال کی ہدایات انگریزی اور عربی زبان میں دستیاب ہوں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کسی بھی ایسے معاملے یا واقعے کے بارے میں فوری اطلاع دی جائے جس کا تعلق گھروں میں لائے جانے والے طبی آلات یا میڈیکل سپلائی سے ہو۔

 

شیئر: